3 ٹی 20 یا سیریز ختم، پاکستان کے پاس 2 آپشنز باقی

کراچی: 3ٹی20یا سیریز ختم، پاکستان کے پاس صرف 2آپشنز باقی رہ گئے،اعلیٰ حکام کی جانب سے کئی بار ٹیسٹ پر اصرار کی وجہ سے پی سی بی کیلیے یوٹرن لینا آسان نہ رہا۔

بنگلادیش کرکٹ ٹیم کا دورہ اب سنگین خطرات میں گھرا نظر آ رہا ہے، پی سی بی ابتدا سے ٹیسٹ میچز پر اصرار کر کے اب ایسی پوزیشن پر پہنچ چکا جہاں سے واپسی ممکن نہیں، بی سی بی کی جانب سے ابتدا سے ہی تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے پر آمادگی ظاہر ہوتی رہی جسے پاکستانی بورڈ نے قبول نہ کیا۔

ذرائع نے بتایا کہ سیریز کو بچانے کیلیے گذشتہ کئی روز کے دوران تمام ہرممکن آپشنز پیش کیے جا چکے ہیں، مگر ٹیسٹ نہ کھیلنے کی بات سے بنگلادیش پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں، پی سی بی حکام کئی بار کہہ چکے کہ ٹیسٹ ہر صورت رکھے جائیں گے، اس لیے اب ان کیلیے یوٹرن لینا آسان نہیں، ذرائع نے بتایا کہ بورڈکے بعض آفیشلز کی رائے میں بنگال ٹائیگرز اگر صرف ٹی 20کھیلنے کیلیے آنا چاہتے ہیں تو انھیں آنے دیا جائے ملک میں کرکٹ کی واپسی کا سفر نہیں رکنا چاہیے۔
دوسری جانب چیئرمین احسان مانی کا کہنا ہے کہ آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے حوالے سے ٹیسٹ میچز اہم ہیں لہذا ضرور ہونے چاہئیں،ذرائع نے بتایاکہ سیریز بچانے کا واحد راستہ یہی ہے کہ پی سی بی ٹیسٹ میچز کھیلنے کی ضد سے پیچھے ہٹ جائے۔

اس حوالے سے ایک تجویز یہ بھی سامنے آئی کہ ٹی 20میچز کے ساتھ اعلان کر دیا جائے کہ ٹیسٹ میچز کیلیے مستقبل قریب میں بنگلادیشی ٹیم دوبارہ واپس آئے گی،اس سے بورڈ حکام کو کم سبکی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ آئی سی سی ڈسپیوٹ کمیٹی میں جانے کی تجویز فی الحال قابل عمل نہیں کیونکہ بنگلادیش کے پاس 2 ٹیسٹ کھیلنے کیلیے اگلے سال تک کا وقت ہے، دوسری جانب وہ ٹی 20میچز کیلیے پاکستان جانے کو تیار ہے لہذا پی سی بی کی اس وقت پوزیشن اتنی مضبوط نہیں لگتی، تین ٹی 20 کھیلنے پر آمادگی یا مکمل سیریزختم کرنے کے سوا کوئی آپشنز باقی نہیں ہیں، اس حوالے سے رواں ہفتے ہی کوئی اعلان متوقع ہے۔

admin

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے