’ہیروئن کا مطلب جسم فروش نہیں ہوتا،اداکارہ میرا نے سوشل میڈیا پر پیغام جاری کردیا
لاہور : لالی ووڈ سٹار میرا جی نے کسی شخص کے ساتھ ہونے والی اپنی گفتگو کو سوشل میڈیا پر شیئر کیا ہے جس کو انہوں نے ’خصوصی پیغام‘ کا نام دیا ہے۔ اس پیغام میں اداکارہ اس شخص کو پاکستان فلم انڈسٹری کے حوالے سے نصیحت کرتی ہوئی دکھائی دیتی ہیں۔ اداکارہ کے میسجز دیکھ کر لگتا ہے کہ دوسری طرف موجود شخص نے کچھ ایسی ’فرمائش‘ کی ہوگی جس کی وجہ سے یہ سب کہنے کی نوبت آئی۔
سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے اپنے ’خصوصی پیغام‘ میں اداکارہ میرا کا کہنا تھا کہ ہیروئن کا مطلب حقیقی زندگی میں بھی ہیروئن ہی ہوتا ہے وہ کوئی جسم فروش نہیں ہوتیں اور نہ ہی کلب میں کام کرتی ہیں، پاکستان فلم انڈسٹری کا مطلب فلم انڈسٹری ہی ہے یہ کوئی سیکس کلب انڈسٹری نہیں ہے۔
اداکارہ میرا نے کہا کہ اگر کوئی شخص ہمارے فلم سٹارز کے پراجیکٹ میں کام کرنا چاہتا ہے تو اسے اس بات کا پتا ہونا چاہیے کہ یہ فنکار ہمارے معاشرے کے بہت ہی قیمتی لوگ ہیں، ہمیں ان کی مدد اور عزت کرنی چاہیے کیونکہ یہ فاحشائیں نہیں ہیں۔
میرا جی نے مطالبہ کیا کہ اداکاراﺅں کو وزیر اعظم سے بھی اگلے درجے کا پروٹوکول ملنا چاہیے تاکہ وہ اپنے کام پر فخر محسوس کرسکیں، اگر آپ پاکستان میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں تو قانونی طریقے سے آئیں بصورت دیگر کوئی بھی آپ کی بات نہیں سنے گا، اگر آپ یہ سمجھتے ہیں کہ آپ کو یہاں شرابیں اور لڑکیاں پیش کی جائیں گی تو ایسا ممکن نہیں ہے۔