منی لانڈرنگ کیس منتقلی کیخلاف اپیل، آصف زرداری کو جواب الجواب جمع کرانے کا حکم
کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے آصف زرداری کو منی لانڈرنگ کیس منتقلی کیخلاف اپیل پر جواب الجواب جمع کرانے کی ہدایت کردی۔
سندھ ہائی کورٹ میں سابق صدر آصف زرداری، فریال تالپور و دیگر کی منی لانڈرنگ کیس کراچی سے اسلام آباد منتقلی کے خلاف اپیلوں کی سماعت ہوئی۔
نیب نے اپنے جواب میں کہا کہ منی لانڈرنگ کیس اور نیب ریفرنسز کا آپس میں بنیادی تعلق ہے، منی لانڈرنگ کیس سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق راولپنڈی منتقل ہوا، آصف زرداری و دیگر کی اپیلیں ناقابل سماعت ہیں۔
عدالت نے آصف زرداری اور دیگر درخواست گزاروں کے وکلا کو جواب الجواب جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 2 اپریل کے لیے ملتوی کردی۔
منی لانڈرنگ کیس کراچی سے اسلام آباد منتقلی کے خلاف آصف زرداری، فریال تالپور، انور مجید، اے جی مجید، حسین لوائی اور طحہ رضا نے اپیلیں دائر کر رکھی ہیں۔ ملزمان کا کہنا ہے کہ نیب کے 16 ریفرنسز اور منی لانڈرنگ کیس کا آپس میں کوئی تعلق نہیں۔
واضح رہے کہ کراچی کی بینکنگ کورٹ نے میگا منی لانڈرنگ کیس کراچی سے اسلام آباد منتقل کردیا ہے۔