دنیا کی واحد ’گلابی‘ مینٹا رے کی تصویر نے ماہرین کو حیران کردیا
آسٹریلیا: دنیا کی واحد گلابی مینٹا رے منظر عام پر آئی ہے جس کی جھلک نے ماہرین کو حیران کردیا۔
سمندر میں طرح طرح کی دم دار مخلوق پائی جاتی ہے جن کے پر نما تکونے بازو ہوتے ہیں جو ’ریز‘ کہلاتی ہیں۔ ان میں ’’مینٹا رے‘‘ خاص طور پر بڑی ہوتی ہیں جن کے سر پر سینگ نما ابھار ہوتے ہیں، ان کی رنگت سفید یا بھوری ہوتی ہے لیکن اب دنیا کی غالباً واحد گلابی مینٹارے کی تصویر کھینچی گئی ہے جسے دیکھ کر ہر ایک انگشت بدنداں ہیں۔
یہ تصویر سمندری فوٹو گرافر کرسٹیان لین نے گریٹ بیریئر ریف کی مشہور مرجانی چٹانوں کے قریب ایک جزیرے سے کھینچی ہے۔ یہ علاقہ سمندری کچھووں، شارک اور مینٹا رے سے بھرا ہوا ہے۔ اسی جگہ گلابی مینٹا رے بھی دیکھی گئی اور اس کی جھلک کیمرے میں محفوظ ہوئی ہے۔
اس کا پورا نام ’’پنک ریف مینٹا رے‘‘ ہے جو ایک غوطہ غور نے 2015ء میں پہلی مرتبہ دیکھی تھی اور اس نے بعض تصاویر بھی اتاری تھیں۔ یہ نر ہے اور اسے پنک پینتھرکارٹون کے ایک کردار ’انسپیکٹر کلوزو‘ کا نام دیا گیا ہے۔ رے کی لمبائی 11 فٹ ہے اور یہ مکمل طور پر گلابی رنگت میں ڈھلی ہوئی ہے۔
ہ بہت شرمیلی ہے اور صرف دس مرتبہ ہی دیکھی گئی ہے جسے مینٹا رے کے منصوبے ’پروجیکٹ مینٹا‘ کے تحت تلاش کیا گیا ہے۔ 2016ء میں ماہرین نے اس کی بایوپسی کی تھی لیکن اب تک واضح نہیں ہوا کہ روشن گلابی رنگت، پیدائشی نشانات کی طرح ہے یا پھر کسی قسم کی غذا سے اس کی رنگت بدلی ہے۔
ماہرین کی اکثریت کا خیال ہے کہ اس کی گلابی رنگت اس کی جلد میں شامل قدرتی کیمیکل ’میلانِن‘ کی وجہ سے ہے جو انسانوں اور دیگر ممالیوں میں سورج مکھی رنگت یا گلابی دھبوں کی وجہ بنتی ہے تاہم اس کے ثبوت درکار ہیں۔