آنکھوں سے خون پھینک کر دشمن پر وار کرنے والی چھپکلی
کراچی: میکسیکو اور جنوب مغربی امریکا کے صحراؤں میں ایک چھوٹی سی چھپکلی پائی جس کے سر پر سینگوں جیسے ابھار ہوتے ہیں جن کی وجہ سے یہ ’’ریگل ہارنڈ لیزارڈ‘‘ (شاندار سینگوں والی چھپکلی) بھی کہلاتی ہے لیکن اس کی اصل وجہ شہرت کچھ اور ہے: یہ اپنے دشمن پر وار کرنے کےلیے اپنی آنکھوں سے خون کی پچکاری پھینکتی ہے۔
یہ خون اگرچہ زہریلا نہیں ہوتا لیکن حملہ آور کو کچھ دیر کےلیے رکنے پر مجبور ضرور کردیتا ہے جس کا فائدہ اٹھا کر یہ فرار ہوجاتی ہے۔ اس کی لمبائی صرف 3 سے 4 انچ ہوتی ہے اور یہ چھوٹی صحرائی چیونٹیوں اور دوسرے کیڑے مکوڑوں کو شوق سے کھاتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ایک وقت میں 2500 تک چیونٹیاں ہڑپ کرجاتی ہے لیکن اپنے شکار پر خون کی پچکاری نہیں پھینکتی۔
علاوہ ازیں یہ آنکھوں سے خون پھینکنے والی ترکیب بھی بہت سوچ سمجھ کر، اس وقت اختیار کرتی ہے جب اسے یقین ہوجاتا ہے کہ اس کی طرف بڑھنے والا جانور واقعی حملہ کرنے کےلیے تیار ہے۔ صحرا میں اسے کئی طرح کے شکاری جانوروں کا سامنا رہتا ہے جن میں سانپ، صحرائی بھیڑیئے اور چوہے تک شامل ہیں۔
اس بارے میں نیشنل جیوگرافک کی ایک مختصر ویڈیو کلپ بھی یقیناً لطف دے گی: