17 سال تک بہترین دوست رہنے والی بہنیں نکلیں
پنسلوانیا: امریکا میں 17 سال تک ایک دوسرے کی بہترین دوست رہنے والی دو خواتین پر اچانک انکشاف ہوا کہ وہ اصل میں بہنیں بھی ہیں۔
دو ایسی سہیلیاں جن کی دوستی کی مثالیں زمانہ دیتا تھا، جو شکل و صورت اور عادات و اطوار میں حیران کن طور پر مماثلت رکھتی تھیں اور ایک دوسرے کے بغیر رہ نہیں پاتی تھیں۔ ان دونوں کو 17 سال کی دوستی کے بعد انکشاف ہوا ہے کہ دراصل وہ بہنیں ہیں۔
ایشلے تھامس اور لاتویا ومبیرلی 2004 میں جب ایک سالگرہ کی تقریب میں دوستی کے بندھن میں بندھیں تو انہیں بالکل اندازہ نہیں تھا کہ وہ ایک ہی باپ کی بیٹیاں ہیں جس کا انکشاف 29 سالہ ومبیرلی کی منگنی کے تقریب میں ہوا۔ جس کی تصاویر ایشلے تھامس نے اپنے فیس بک پیج پر شیئر کیں۔
ان تصاویر میں ومبیرلی کے والد کینیتھ کی تصویر بھی تھی جسے ایشلے تھامس کی ماں کی ایک سہیلی نے پہچان لیا، کینیتھ کو جب یہ بتایا گیا اور ایشلے کی ماں کی تصویر دکھائی گئی تو انہوں نے اقرار کرلیا کہ دونوں نے شادی کی تھی تاہم ایشلے کی پیدائش سے قبل کسی بات پر دونوں کے درمیان علیحدگی ہوگئی تھی۔
ایشلے کی ماں نے تھامس نامی شخص سے شادی کرلی تھی جس نے باپ بن کر ایشلے کی پرورش کی اور اسے کبھی یہ احساس نہیں ہونے دیا کہ وہ ایشلے کا سگا باپ نہیں۔ کینیتھ اور ایشلے کے ڈی این اے بھی میچ کرگئے جس پر دونوں ہی بہت خوش ہیں تاہم ایشلے نے اپنے سوتیلے باپ کیساتھ ہی رہنے کو ترجیح دی اور اب دونوں سہیلیوں کے درمیان ایک اور مضبوط رشتہ قائم ہوگیا ہے۔