کورونا وائرس؛ مایا علی کی حکومت سے خصوصی درخواست
لاھور: کورونا وائرس کے پیش نظراداکارہ مایا علی نے حکومت سے یومیہ اجرت کمانے والوں کے لیے خصوصی انتظام کی درخواست کی ہے۔
پاکستان کی خوربرواداکارہ مایا علی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پراپنی ماسک پہنے تصویرشیئرکراتے ہوئے بتایا کہ وہ 5 روز قبل امریکا سے واپس لوٹیں جہاں وہ شوکت خانم کی فنڈ ریزنگ کے لیے گئی تھیں۔ اداکارہ نے کہا کہ واپسی پرجب وہ لاہور ایئرپورٹ پہنچیں تو بہت پریشان تھیں۔ ایئرپورٹ پر ان کی اسکریننگ ہوئی اورکورونا کا ٹیسٹ ہوا۔
اداکارہ نے کہا کہ ٹیسٹ کی رپورٹ کے لیے انہوں نے جو 2 دن انتظار کیا وہ بہت درد ناک تھا، جہاں وہ ذہنی دباؤ کا بھی شکارہوئیں اورنہ ہی انہیں اس دوران نیند آئی تاہم ٹیسٹ کی رپورٹ 2 روزبعد آئی جو اللہ کے کرم سے منفی تھی۔
اداکارہ نے کہا کہ انہیں معلوم ہے کہ یہ بہت سخت وقت ہے نہ صرف پاکستان بلکہ پوری انسانیت کے لیے، کورونا وائرس کی اب تک کوئی ویکسین تیارنہیں کی جاسکی ہے اسلیے ہم خود جتنا اپنا خیال رکھ سکیں ہمیں کرنا چاہیئے۔
اداکارہ نے کہا وہ ان تمام لوگوں کے لیے بھی خوفزدہ ہیں جویومیہ اجرت کماتے ہیں اوراب ان کے پاس معاش کا ذریعہ نہیں، اس تناظر میں حکومت پاکستان سے درخواست کرتی ہوں کہ وہ ان خاندانوں کی خوارک کے لیے کچھ کریں۔ اورساتھ ساتھ ایک ایسی ٹیم بنائی جائے جوان خاندانوں کے مفت ٹیسٹ بھی کرائے جن کے لیے ٹیسٹ کرانا بھی مشکل ہے۔
مایا علی نے کہا کہ یہ وقت بھی گزرجائے گا، حکومت کی جانب لگائی جانے والی پابندیاں ہماری بہتری کے لیے ہی ہیں۔ خدا پر ایمان رکھتے ہوئے اپنی اپنی احتیاط اور حفاظت کیجیئے، بے شک اللہ سب سے بڑا ہے۔