کورونا وبا سے لڑنے والے ڈاکٹر اور نرسز ہمارے ہیروز ہیں، وقار یونس
لاہور: قومی ٹیم کے بولنگ کوچ وقار یونس کا کہنا ہے کہ کورونا سے دوسروں کو بچانے کے لیے ڈاکٹر، نرسز اور تمام میڈیکل اسٹاف جو اپنا اپنا کردار ادا کررہا ہے، وہ سب ہمارے ہیروز ہیں۔
اپنے ایک ویڈیو پیغام میں وقاریونس کہتےہیں کہ سوشل میڈیا پر کورونا وائرس کے بارے میں آگاہی مہم میں جولوگ بڑھ چڑھ کر آگے آرہے ہیں، ان سب کی قدر کرنی چاہیے۔بہت خوشی ہوتی ہے جب ہر بندہ اس حوالے سے کچھ نہ کچھ حصہ ڈالنے کی کوشش کرتا ہے۔ دوسری جانب ہمیں اس جنگ میں جو ہر اول دستے کا کردار ادا کررہے ہیں، ان کو سلام پیش کرنا چاہیے۔
وقار یونس نے کہا کہ کورونا سے دوسروں کو بچانے کے لیے ڈاکٹر، نرسز اور تمام میڈیکل اسٹاف جو اپنا اپنا کردار ادا کررہا ہے، وہ سب ہمارے ہیروز ہیں، ان لوگوں کی خدمات کو جتنا سراہا جائے، وہ کم ہے۔ ان کی حوصلہ افزائی کریں گے تو ان میں دوسروں کی مدد کا جذبہ مزید پیدا ہوگا۔ان کو حوصلہ ملے گا تو یہ کام کرتے چلتے جائیں گے، جس طرح ہمارے سارے فنکار، سیاست دان، اسپورٹس مین اور دوسرے لوگ اس وبا کے خاتمے کے لیے اپنا کردار نبھارہے ہیں، یہ ہمارا ایمان ہے کہ ہم اس وباء سے جلد نجات پائیں گے۔