ٹوکیو گیمز؛ آئندہ برس جولائی میں میڈلز کی دوڑ کا امکان

ٹوکیو: ٹوکیو گیمز میں میڈلز کی دوڑآئندہ برس جولائی میں ہی ری شیڈول ہونے کا امکان ہے جب کہ انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی اور آرگنائزرز نے مختلف آپشنز پر غور شروع کردیا۔

ٹوکیو اولمپکس کے آرگنائزرز آئندہ برس جولائی میں ہی ملتوی شدہ گیمز کو ری شیڈول کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، جاپان کے سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے اور تیاریوں کیلیے وقت درکار ہے، ایسے میں گیمز 23 جولائی 2021 سے شیڈول ہوسکتے ہیں۔

یہ وضاحت ٹوکیو کی گورنر یوریکو کوئیک کی جانب سے گیمز کو قدرے ٹھنڈے موسم میں منعقد کرنے کی تجویز کے بعد سامنے آئی، گورنر نے کہا تھا کہ اگر کم گرم موسم میں ایونٹ منعقد کیا جاتا ہے تو میراتھنز اور دیگرریسز بھی ناردرن ساپورو سٹی کے بجائے ٹوکیو میں ہی منعقد ہوسکتے ہیں۔
یاد رہے کہ انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے ٹوکیو میں ممکنہ گرمی کی وجہ سے رواں برس کے گیمز کیلیے میراتھن و دیگر ریسز ساپورو منتقل کردیے تھے۔

ٹوکیو گیمز کی مقامی آرگنائزنگ کمیٹی کے چیف یوشیرو موری نئی تاریخوں کے حوالے سے آئی او سی کے ساتھ بات چیت میں مصروف ہیں۔ اولمپکس رواں برس 24 جولائی جبکہ پیرالمپکس 25 اگست سے شیڈول تھے مگر کورونا وائرس کی وجہ سے انھیں اگلے سال تک کیلیے ملتوی کردیا گیا۔

آئی او سی کے صدر تھومس باخ نے کہاکہ تمام آپشنز ہمارے سامنے موجود جبکہ ری شیڈولنگ صرف موسم گرما کے مہینوں تک ہی محدود نہیں ہو سکتی۔

ادھر جاپانی میڈیا کے مطابق اولمپک شعلے کو ایک ماہ تک فوکوشیما کے جے ولیج اسپورٹس کمپلیکس میں نمائش کیلیے رکھا جائے گا۔

admin

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے