وزیر اعظم کا تعمیراتی شعبے کے لیے بڑے مراعاتی پیکج کا اعلان
اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے ملک میں تعمیراتی شعبے کے لیے مراعات کے بڑے پیکج کا اعلان کردیا ہے۔
پیکج کا اعلان کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس سال تعمیراتی شعبے میں سرمایہ کاری کرنے والوں سے ذرایع آمدن کے بارے میں سوال نہیں ہوگا۔ تعمیراتی شعبے پرٹیکس کی شرح فکس کررہے ہیں،جس کے نتیجے میں اس شعبے کے ٹیکسوں کی مجموعی شرح کم ہوجائے گی۔ نئے پاکستان ہاؤسنگ اسکیم میں تعمیرات کرنے والوں کو 90 فیصد ٹیکس کی رعایت دیں گے۔ اسٹیل اور سیمینٹ کے علاوہ تعمیراتی مواد اور خدمات پر سروسز ٹیکس معاف کیا جارہا ہے۔ اسی طرح اگر کوئی اپنا مکان فروخت کرے گا تو اس سے کیپیٹل گین ٹیکس وصول نہیں کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ 150 ارب جاری کرنا شروع کردیے ہیں جس سے غریب طبقے کو مالی مدد فراہم کی جائے گی۔ احساس پروگرام کے تحت 1 کروڑ لوگ ابھی تک مالی مدد کے لیے رجوع کرچکے ہیں لیکن صرف اس طریقے سے عوام کے غریب طبقے کی مدد کرنا اور بقا ممکن نہیں۔ ملک میں زراعت کے بعد تعمیراتی شعبے سے سب سے زیادہ روزگار ملتا ہے، اس کی سرگرمیاں جاری کرنے کا مقصد یہی ہے کہ روزانہ اجرت پر کام کرنے والوں کو روزگا ملتا رہے۔
انہوں نے کہا کہ تعمیراتی شعبے کو باقاعدہ صنعت کا درجہ دیا جارہا ہے اور اس کے لیے کنسٹرکشن انڈسٹری ڈیولپمنٹ اتھارٹی قائم کی جارہی ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ سوشل میڈیا پر یہ تاثر دیا جاتا ہے کہ اس وائرس کے خلاف پاکستانیوں کی قوت مدافعت زیادہ ہے یہ سوچ خطرناک ہے، ہمیں ہر قسم کی احتیاط کرنا ہوگا۔ یہ بہت خظرناک وائرس ہے کوئی نہیں کہہ سکتا یہ کتنی تیزی سے پھیلے گا۔