ملک بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد4457 ہوگئی، 63 افراد جاں بحق
اسلام آباد: ملک بھر میں کورونا کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 4457 ہوگئی ہے جب کہ اس مہلک وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 63 تک جاپہنچی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 2737 مشتبہ مریضوں کے ٹیسٹ کیئے گئے جن میں سے 135 میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے اس طرح پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 4457 ہو گئی ہے۔
کہاں کتنے مریض ؟
حکام کے مطابق اب تک پنجاب میں 2214،سندھ 1128، بلوچستان 212، خیبر پختونخوا میں 560، آزاد کشمیر28، اسلام آباد میں 102 اور گلگت بلتستان میں 213 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔
مزید ہلاکتیں؛
حکومتی اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 5 افراد کورونا کے ہاتھوں زندگی کی بازی ہار گئے، اس طرح وطن عزیز میں اس مہلک وائرس سے جاں بحق مریضوں کی تعداد 63 ہوگئی ہے جب کہ 31 کی حالت تشویشناک ہے تاہم 572 افراد اس بیماری کو شکست دینے میں کامیاب بھی ہوئے ہیں۔
بجلی اور گیس بل معاف کرنے کا فیصلہ؛
حکومت سندھ نے کورونا وائرس ایمرجنسی ریلیف آرڈیننس کے تحت کم یونٹ والے بجلی اور گیس کے بل معاف کرنے کا فیصلہ کیا ہے، مسودہ کے مطابق 260 یونٹ تک بجلی کا بل مکمل معاف ہوگا جب کہ 261 سے 350 یونٹس تک بجلی بل میں 25 فیصد رعایت دی جائے گی، 351سے 400 یونٹس تک بجلی کا 50فیصد بل قابل ادائیگی ہوگا، مسودہ میں کہا گیا ہے کہ 80 گز تک مکانات کےتمام پانی کےکنکشنز کے حامل بل معاف ہوں گے، 81 سے 160 گز کے پانی کے کنکشنز پر 25 فیصد بل قابلِ ادائیگی ہوگا ، اس کے علاوہ 161 گز سے 240 گزکے پانی کنکشنز پر 50 فیصد بل قابل ادائیگی ہوں گے۔
وزیراعظم عمران خان؛
وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ہم اندازہ لگارہے ہیں کہ اپریل کے آخر تک کورونا وائرس کا بہت پریشر ہوگا جس کے باعث اسپتالوں پر بھی بہت زیادہ دباؤ ہوگا، کورونا سے اکیلے کوئی نہیں لڑسکتا، کورونا سے اکیلے نہ وفاقی حکومت لڑسکتی ہے اور نہ صوبائی حکومت، پوری قوم کو مل کر اس کا مقابلہ کرنا ہوگا۔
کراچی میں ایک ہی خاندان کے 7 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق؛
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عوام کو وڈیو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ مجھے جس چیز کا ڈر تھا آج افسوس کے ساتھ وہ ہی ہوگیا، ایک ہی خاندان کے سات افراد میں کورونا ظاہر ہوا ہے، ضلع سینٹرل کراچی کی کچی آبادی میں فیملی کا سربراہ باہر سے وائرس لیکر گھر گیا، اس کے پورے خاندان بشمول ایک سال کا بیٹا اور 6 سال کی بیٹی میں تصدیق ہوئی ہے۔
دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 88 ہزار سے تجاوز کرگئی؛
کورونا وائرس نے دنیا بھر میں نہ صرف تباہی مچارکھی ہے بلکہ انتہائی تیزی کے ساتھ بڑھ رہا ہے، جان لیوا وائرس سے اب تک 88550 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد 1519571 تک پہنچ چکی ہے۔
کورونا وائرس اور احتیاطی تدابیر:
کورونا وائرس کے خلاف یہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے اس وبا کے خلاف جنگ جیتنا آسان ہوسکتا ہے۔ صبح کا کچھ وقت دھوپ میں گزارنا چاہیے، کمروں کو بند کرکے نہ بیٹھیں بلکہ دروازہ کھڑکیاں کھول دیں اور ہلکی دھوپ کو کمروں میں آنے دیں۔ بند کمروں میں اے سی چلاکر بیٹھنے کے بجائے پنکھے کی ہوا میں بیٹھیں۔
سورج کی شعاعوں میں موجود یو وی شعاعیں وائرس کی بیرونی ساخت پر اُبھری ہوئی پروٹین کو متاثر کرتی ہیں اور وائرس کو کمزور کردیتی ہیں۔ درجہ حرارت یا گرمی کے زیادہ ہونے سے وائرس پر کوئی اثر نہیں ہوتا لیکن یو وی شعاعوں کے زیادہ پڑنے سے وائرس کمزور ہوجاتا ہے۔
پانی گرم کرکے تھرماس میں رکھ لیں اور ہر ایک گھنٹے بعد آدھا کپ نیم گرم پانی نوش کریں۔ وائرس سب سے پہلے گلے میں انفیکشن کرتا ہے اور وہاں سے پھیپھڑوں تک پہنچ جاتا ہے، گرم پانی کے استعمال سے وائرس گلے سے معدے میں چلا جاتا ہے، جہاں وائرس ناکارہ ہوجاتا ہے۔