لاہور میں ایک گلی میں 42 مریض سامنے آگئے
لاہور: صوبائی دارلحکومت لاہورکی ایک گلی میں 42 مریض سامنے آگئے، جس کے بعد پوری گلی کو سیل کردیا گیا ہے، سکندریہ کالونی کے ان رہائشیوں کو گھروں کھانا راشن پہنچایا جا رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں سوڈیوال کے علاقے سکندریہ کالونی میں 3 روز قبل ایک ہی گلی میں10 مریض رپورٹ ہوئے تھے۔ لیکن آج سکندریہ کالونی کی ایک ہی گلی میں 42 کیسز سامنے آگئے ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ اس گلی میں57 گھر ہیں۔ ضلعی انتظامیہ نے پوری گلی کو سیل کردیا ہے۔ اسی طرح پنجاب میں 216 ہاٹ سپاٹ ایریاز کو سیل اور4 علاقوں کو ڈی سیل کردیا گیا ہے۔ صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ کلسٹر لاک ڈان کی پالیسی پر عمل کر رہے ہیں۔ گوجرانوالہ اور گجرات میں پہلے سے سیل کردہ جن علاقوں کو ڈی سیل کیا وہاں تمام مریض صحتیاب ہو چکے ہیں، ٹارگٹڈ لاک ڈائون سے معمولات کو کم سے کم حد تک روکتے ہوئے کورونا کا مقابلہ کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب محکمہ داخلہ پنجاب نے لاک ڈاوٴن مزید سخت کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ جس کے تحت پنجاب بھر میں ایک ضلع سے دوسرے ضلع میں سفر کرنے والوں کیلئے کورونا ٹیسٹ لازمی قرار دے دیا گیا ہے، اسی طرح صوبے سے باہر جانے کیلئے بھی سرٹیفکیٹ لینا بھی لازمی ہوگا۔ جس کے لیے پنجاب حکومت نے فارم ’’اے اور بی‘‘ متعارف کروا دیا ہے۔ تاہم پنجاب کے ایک ضلع سے دوسرے میں سفر کرنے والوں کیلئے فارم ’’اے‘‘ دکھانا لازمی ہوگا۔
ایک شہر سے دوسرے میں جانے کیلئے ڈیٹا فارم بی دینا ہوگا۔ نوٹیفکیشن میں تنبیہ کی گئی ہے کہ ایسے شہری جس کا کورونا ٹیسٹ پازیٹو آئے گا، وہ ایک شہر سے دوسرے شہر میں نہیں جا سکیں گے۔ واضح رہے پاکستان میں گزشتہ24 گھنٹے میں14 اموات ہوئیں، جبکہ 254نئے کیسزکے ساتھ کل کیسزکی تعداد 5038 ہوگئی ہے۔