بھارت، کورونا وائرس کی وجہ سے نریندر مودی نے لاک ڈاؤن میں توسیع کر دی
نئی دہلی : کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے خطرات کو مدنظر رکھتے ہوئے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ملک بھر میں جاری لاک ڈاؤن میں توسیع کو فیصلہ کر لیا ہے ۔بھارت میں ایک ماہ سے جاری لاک ڈاؤن کی مدت بدھ کو ختم ہونا تھی لیکن بھارتی وزیر اعظم نے پابندیوں میں توسیع کا فیصلہ کیا ہے اور اب لاک ڈاؤن 3 مئی تک جاری رہے گا ۔
اس موقع پر بات کرتے ہوئے نریندر مودی کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ تمام ریاستوں سے مشاورت کے بعد لیا گیا اور ہماری عوام سے اپیل ہے کہ وہ ایک دوسرے سے سماجی فاصلہ برقرار رکھیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن میں توسیع کا فیصلہ آچکا ہے لیکن کاروبار اور راستوں کی بندش کی وجہ سے لاکھوں افراد کو خوراک اور آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
بھارتی وزیراعظم نے لاک ڈاؤن میں سختی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مزید سخت اقدامات کرنے کا بھی اعلان کر دیا ہے جس پر ان کا کہنا تھا کہ آئندہ ہفتے نئے احکامات کا اعلان کیا جائے گا کیونکہ کورونا وائرس کو کنٹرول کرنے کے لئے ضروری ہے کہ ہم سختی کریں، ورنہ یہ پھیلتا جائے گا۔دوسری جانب نریندر مودی نے اچانک لاک ڈاؤن کا اعلان کر دیا تھا جس کے بعد بھارت کی غریب عوام کی زندگی مشکلات کا شکار ہے۔
بھارت میں ابھی تک کورونا وائرس کے متاثرہ افراد کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ 300 افراد کورونا وائرس کا شکار ہو کر ہلاک ہو چکے ہیں۔ بڑھتے ہوئے کیسز کی تعداد اور کورونا وائرس کے مزید پھیلنے کی وجہ سے نریندر مودی نے لاک ڈاؤن میں توسیع کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد بدھ کو ختم ہونے والا لاک ڈاؤن 3 مئی تک جاری رہے گا، اس کے علاوہ لاک ڈاؤن میں سختی کے حوالے سے مزید اقدامات کئے جائیں گے جن کا اعلان آئندہ ہفتے میں کیا جائے گا۔