سندھ کے تاجروں کو لاک ڈاﺅن توڑکر کل سے مارکیٹیں کھولنے کا اعلان
کراچی: سندھ کی تاجر تنظیموں کے رہنماؤں نے 15 اپریل سے صوبے بھر میں کاروبار کھولنے کا اعلان کردیا ہے۔
کراچی میں سندھ تاجر اتحاد کے چیئرمین جمیل پراچہ، صدر انجمن تاجران سندھ جاوید شمس، صدرآل سٹی تاجر اتحاد شرجیل گوپلانی، صدراسمال ٹریڈز محمود حامد اور صدر کراچی الیکٹرانکس ڈیلرز ایسوسی ایشن رضوان عرفان سمیت دیگرتاجر رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔
تاجررہنماؤں کا کہنا تھا کہ حکومت عوام کو گھروں میں بٹھانے میں مکمل طورپرناکام رہی، اگر حکومت سنجیدہ ہے تو لاک ڈاؤن نہیں کرفیو لگائے، حکومت سوچ سمجھ کرفیصلہ کرے۔ گزشتہ 28 روز سے ہمارا کاروبار بند ہے، کراچی سے کشمورتک تاجروں کی حالت بد تر ہے، کسٹم ڈیمریج اوراسکولوں کی فیسوں میں کمی پر کوئی عمل درآمد نہیں ہورہا۔
تاجررہنماؤں نے کہا کہ کل سے کاروبارکھول دیں گے،
دُکانیں کھول کر تمام حفاظتی اقدامات کویقینی بنائیں گے، ہم سول نافرمانی کی طرف نہیں جانا چاہتے مگر ہم مجبورہیں۔ حکومت گرفتارکرنا چاہتی ہے تو گرفتاری دینے کیلئے تیارہیں، مزید لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا تو چابیاں وزیراعلیٰ ہاؤس پر جمع کروائیں گے۔
تاجررہنماؤں نے کہا کہ وفاقی اورصوبائی حکومت ہمارے ملازمین کو تنخواہیں دے جب کہ وزیراعظم سے اپیل ہے کہ خدارا اس صورتحال کو نوٹس لیں۔حکومت صرف انڈسٹریزاورتعمیرات کا شعبے کھولنے کی بات کرتی ہے، چھوٹے تاجرمررہے ہیں یہ کیسا انصاف ہے، ہماری آرمی چیف اورچیف جسٹس پاکستان سے اپیل ہے کہ ہماری مدد کریں۔