دنیا بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 20 لاکھ سے تجاوز کرگئی
دنیا بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 20 لاکھ سے تجاوز کرگئی جب کہ ایک لاکھ 26 ہزار 782 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
دنیا بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 20 لاکھ 951 تک پہنچ گئی ہے جب کہ وباء کے باعث اب تک ایک لاکھ 26 ہزار 782 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں تاہم 4لاکھ 66 ہزار 948 مریض صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔
کورونا وائرس نے سپُر پاور امریکا کو بری طرح متاثر کیا ہے، اس وائرس سے امریکا میں اب تک 26 ہزار64 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جس میں سے صرف ریاست نیو یارک میں 10 ہزار سے زائد اموات ہوئیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اتنے بڑے پیمانے پر ہلاکتوں کا ذمہ دار ڈبلیو ایچ او کو قرار دیتے ہوئے ادارے کا احتساب کرانے پر اصرار کیا ہے۔
اٹلی میں کورونا وائرس کے باعث مزید 602 ہلاکتیں ہوئی ہیں جس کے بعد مرنے والوں کی تعداد 21 ہزار 67 ہوگئی ہے۔ اسپین میں بھی مزید 300 افراد جان کی بازی ہار گئےجب کہ ہلاکتوں کی کل تعداد 18 ہزار 255 ہو چکی ہے۔
برطانیہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران عالمی وباء سے مزید 778 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 12 ہزار 107 تک پہنچ گئی ہے۔ فرانس میں بھی کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 15 ہزار 729 ہوگئی ہے۔ کورونا وائرس کے باعث ایران میں 4 ہزار 683، بیلجیم میں 4 ہزار 157 جب کہ چین میں 3 ہزار 341 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں۔
نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جسنڈا آرڈرن نے اگلے 6 ماہ تک کابینہ کی تنخواہوں میں 20 فیصد کٹوتی کا اعلان کیا ہے، فیصلےکا مقصد ان لوگوں سے اظہار یکجہتی ہے جنھیں نوکریوں سے نکال دیا گیا یا تنخواہوں میں کٹوتی کی گئی۔
دوسری جانب عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس سے متعلق وارننگ دی ہے کہ لاک ڈاؤن میں وقت سے پہلے نرمی وباء کی واپسی کی وجہ بن سکتا ہے۔