42 افراد کو کورونا وائرس میں مبتلا کرنے والا مریض صحت یاب ہو گیا
لاہور : 42 افراد کو کورونا وائرس میں مبتلا کرنے والا مریض صحت یاب ہو گیا۔تفصیلات کے مطابق لاہور میں 42 افراد کو کورونا وائرس میں مبتلا کرنے والا مریض میو اسپتال میں زیر علاج تھے، سکندریہ کالونی کا چالیس سالہ رہائشی کورونا وائرس سے شفایاب ہو کر گھر روانہ ہوگئے ہیں۔محمد رزاق کی لاعلمی کی وجہ سے دو بچوں اور تین خواتین سمیت ان کی فیملی کے 10 افراد کوروناسے متاثر ہوئے تھے۔
علاوہ ازیں محلے کے افراد میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق کی گئی جس کے بعد ضلعی انتظامیہ نے 57 خاندانوں پر مشتمل سکندریہ کالونی کی ایک گلی کو مکمل طور پر سیل کردیا تھا۔صحتیابی کے بعد محمد رزاق کا گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اپریل کے شروع میں ہلکی کھانسی اور بخار ہوا۔
نجی لباٹری سے ٹیسٹ کرایا تو کورونا نکل آیا۔محکمہ صحت والوں کو پتہ چلا تو وہ میواسپتال لے گئے۔
فیملی اور محلے داروں کے ٹیسٹ ہوئے تو 42 افراد اس موذی مرض کا شکار نکلے۔محمد رزاق کا کہنا تھا کہ خوف تھا کہ نہ جانے کیا ہوگا مگر اللہ کا شکر ہے کہ اسپتال میں طبیعت زیادہ نہیں بگڑی۔۔ڈاکٹروں نے کوئی خاص دوائی نہیں دی۔احتیاط کی کچھ دن بعد ٹیسٹ تو کروایا تو منفی آیا۔ محمد رزاق کا کہنا ہے کہ ان کی کوئی ٹریول ہسٹری بھی نہیں ہے۔نہ وہ کسی ایسے شخص سے ملے ہیں جو باہر سے آیا ہو، اس کے باوجود کورونا میں مبتلا ہونے کا کچھ علم نہیں ہیں۔
دوسری جانب ڈی آئی جی آپریشنز لاہور رائے بابر سعید نے کہا ہے کہ لاہور پولیس شہر میںجاری جزوی لاک ڈائون میں توسیع کے بعدحکومتِ پنجاب کی ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے ضروری اقدامات عمل میں لارہی ہے۔ انہوںنے کہا کہ کورونا وائرس کے پھیلائو کے خدشات کے پیش نظر شہری حکومتی ہدایات پر عمل پیرا ہوکر مہذب شہری ہونے کا ثبوت دیں، گھروں تک محدود رہیں۔
خود کو اور دوسروں کو کورونا وائرس کے خطرات سے محفوظ رکھیں۔ تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز رائے بابر سعید نے بتایا کہ قانون شکن عناصر کے خلاف لاہور کے مختلف تھانوں میں مجموعی طور پر2057مقدمات درج کئے جاچکے ہیں ۔شہر کے مختلف مقامات پر لگائے گئے ناکوں پرابتک مجموعی طور پر01 لاکھ77 ہزار514 افرادکو روک کرپوچھ گچھ کی گئی جبکہ غیر ضروری طورپرسڑکوں پر آنیوالی01 لاکھ67ہزار11 شہریوں اور گاڑی مالکان کو وارننگ جاری کر کے گھروں کو واپس بھیجا گیا۔