الگے ہفتے سے ملک بھر میں روزانہ 50 ہزار کورونا ٹیسٹ ہوں گے

اسلام آبا د : نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کا کہنا ہے کہ اگلے ہفتے پاکستان میں ہر روز کورونا وائرس کے 50،000 ٹیسٹ ہونے لگیں گے۔انہوں نے سینئر صحافی حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر میں ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا ہے کہ تمام متعلقہ اداروں کو کورونا ٹیسٹنگ کٹس فراہم کی جائیگی تاکہ ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت میں اضافہ کیا جاسکے۔

چیئرمین این ڈی ایم اے کا مزید کہنا تھا کہ پہلے ان لوگوں کے ٹیسٹ کیے جاتے تھے جن میں کچھ علامات ظاہر ہوتی ہیں لیکن اب مختلف علاقوں میں کورونا کے رینڈم ٹیسٹ شروع کیے جائیں گے۔اس وقت آٹھ لاکھ کٹس دستیاب ہیں اور مزید کٹس خریدنے کی کوششیں جاری ہیں تاکہ کورونا ٹیسٹ کی تعداد کو ملک بھر میں مزید موثر کیا جاسکے۔

جب کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے کورونا وائرس سے متعلق تازہ ترین اپ ڈیٹ جاری کردیں، ملک میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 11,940، ایکٹو کیسز کی تعداد بھی 8932 تک پہنچ گئی، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 785 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ،16 مزید اموات کے ساتھ مجموعی اموات 253 ہوگئیں ۔

این سی او سی کے مطابق پنجاب میں کورونا وائرس کیسز کی تعداد سب سے زیادہ 5046 تک پہنچ گئی، سندھ میں 3945 کورونا وائرس کیسز رپورٹ ہوئے، خیبر پختونخواہ میں کیسز کی تعداد 1708 اور اسلام آباد میں 223 ہوگئی، بلوچستان میں 656 گلگت بلتستان میں 307 کیسز رپورٹ ہوئے، آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کیسز کی تعداد 55 ہوگئی، مجموعی طور پر 21 فیصد کیسز دیگر ممالک سے آئے اور 79 فیصد مقامی طور پر پھیلے۔

مُلک بھر میں اب تک 2755 مریض مکمل طور پر صحتیاب ہوگئے۔ این سی او پی مطابق کورونا وائرس سے سے موت کے منہ میں جانے والے افراد کی تعداد 253 تک پہنچ گئی۔گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 16 نئی اموات ہوئیں ہیں جن میں سندھ میں 75، پنجاب میں 73، کے پی کے میں 89 ، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں3,3اور بلوچستان میں 10 مریض کورونا وائرس کے باعث جان بحق ہوئے۔

اب تک 138147 افراد کے کورونا وائرس کے لیے ٹیسٹ کئے گئے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 6780 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے۔ملک کے 717 ہسپتالوں میں قائم آئسولیشن وارڈز میں 3073 مریض زیر علاج ہیں، مُلک میں کورونا وائرس کے 127 مریض تشویشناک حالت میں ہیں۔

admin

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے