یوٹیوب پر جاری ہونے والی پہلی ویڈیو یہ ہے
سان فرانسسکو: یوٹیوب پرسب سے پہلے جاری کی جانے والی ویڈیو کو ٹھیک 15 برس ہوچکے ہیں جو یوٹیوب کے شریک بانی جاوید کریم نے سان ڈیاگو چڑیا گھر میں بنائی تھی۔
یوٹیوب پرپوسٹ کی جانے والی یہ پہلی ویڈیو ہے جس کا عنوان ’میں چڑیا گھر میں‘ ہے۔ ویڈیو کا دورانیہ صرف 18 سیکنڈ ہے جسے اب تک 9 کروڑ افراد دیکھ چکے ہیں۔ اب تک جاوید کریم کے چینل پر پوسٹ کی جانے والی یہ واحد ویڈیو بھی ہے۔ اس ویڈیو میں جاوید کریم بتاتے ہیں کہ وہ ہاتھیوں کے پاس موجود ہیں۔ اس کے بعد وہ ہاتھیوں کی لمبی سونڈ کے بارے میں بتاتے ہیں۔
اس ویڈیو میں آج کی یوٹیوب ویڈیو کی طرح لائکس، کمینٹس اور سبسکرائب کرنے کی درخواست بھی شامل نہیں ہے۔ اس کےبعد جاوید نے کہا، ’ بس مجھے آپ سے یہی کہنا تھا‘ اور اس کے بعد انہوں نے ویڈیو ختم کردی ۔ اس ویڈیو کے ایک سال بعد جاوید کریم اور ان کے ساتھیوں نے یوٹیوب کو ایک ارب 65 کروڑ ڈالر میں گوگل کو فروخت کردیا تھا۔
اب اس پلیٹ فارم پر ہرماہ دو ارب سے زائد صارفین آتے ہیں لیکن اس عرصے میں خود یوٹیوب کمپنی نے بہت سے اتار چڑھاؤ دیکھے ہیں۔ لیکن ان سب کے باوجود یوٹیوب پر روزانہ ایک ارب گھنٹے کی ویڈیو دیکھی جاتی ہے اور اس کی ماہانہ آمدنی اربوں روپے میں ہے۔