پی ٹی ایم رہنما عارف وزیر قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہو گئے
اسلام آباد : پی ٹی ایم رہنما علی وزیر کے کزن عارف وزیر فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہو گئے۔ پشتون تحفظ موومنٹ کے رہنما اور قومی اسمبلی کے رکن علی وزیر کے کزن کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے زخمی کردیا تھا تاہم اب وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے ہیں۔وانا اسٹیشن ہاؤس آفیسر عثمان خان نے تصدیق کی کہ عارف وزیر کو علاج کے لئے اسلام آباد منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ انتقال کرگئے ہیں۔
پی ٹی ایم کے رہنما عارف وزیر کو قبائلی علاقے وانا میں ان کی رہائش گاہ کے قریب نشانہ بنایا گیا تھا۔عارف وزیر اور ان کے ساتھیوں کی جوابی فائرنگ سے مسلح افراد فرار ہوگئے تھے۔پی ٹی ایم رہنما اور رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ نے واقعے کی تصدیق کی تھی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عارف وزیر کواس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ اپنی رہائش گاہ کے باہر ٹہل رہے تھے۔مسلح افراد نے چلتی گاڑی سے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں عارف وزیر شدید زخمی ہو گئے تھے۔انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔