کوسٹاریکا میں 31 بچوں پر مشتمل خاندان کا لاک ڈاؤن ایک چیلنج بن گیا ہے
وسٹاریکا: لاک ڈاؤن میں والدین اپنے بچوں کے ساتھ طرح طرح کے مسائل کے شکار ہیں لیکن کوسٹاریکا میں ایک ہی خاندان میں 31 بچے شامل ہیں جن کی بھرپور حفاظت کی جارہی ہے۔
وکٹر گزمان اور میلبا جامینیز نے مجموعی طور پر 37 بچوں کو گود لیا تھا جن میں سے اب 31 بچے ان کے ساتھ رہ رہے ہیں۔ ان بچوں کی عمریں 3 سے 25 برس تک ہے اور لاک ڈاؤن میں سرپرست لاک ڈاؤن کی مشکل صورتحال میں گھر تک محصور رہتے ہوئے ان کی بھرپور کفالت کررہے ہیں۔
’ یہ زندگی اور موت کا معاملہ ہے جہاں ہمیں اپنی جان بچانی ہے اور بچوں کا خیال بھی رکھنا ہے کیونکہ گزشتہ 6 ہفتے سے بچے گھروں تک رہنے پر مجبور ہیں،‘ سابق فیشن ڈیزائنر میلبا نے بتایا۔ اس سے پہلے یہ خاندان 150 مزید بچوں کی پرورش کرکے انہیں اپنے گھر بھیج چکا ہے۔ تاہم ان کے حقیقی چھ بچوں میں سے پانچ دماغی رسولی سے چل بسے اور ایک بچہ بڑا ہوکر اپنا گھر چھوڑ چکا ہے۔
شوہر اور بیوی کی عمریں بالترتیب 74 اور 68 سال ہیں جو پینشن پر گزارا کررہے ہیں تاہم اطراف کے لوگ بچوں کی کفالت کے لیے عطیات دیتے رہتے ہیں۔ والدین کے مطابق ہر بچے کی فطرت مختلف ہے لیکن وہ بھرپور کوشش کررہے ہیں کہ وہ اس صورتحال میں ڈپریشن کے شکار نہ ہوجائیں۔
بعض بڑے بچے گھر کے کام میں ان کا ہاتھ بٹاتے ہیں اور 21 سالہ ڈیوڈ اپنی سائیکل پر سودا سلف لے کر آتا ہے جس سے گھر والے کھانا پکاتے ہیں اور باقی کھاتے ہیں۔ لیکن بچوں کو ایک حد تک سوشل میڈیا کے استعمال کی اجازت ہے تاکہ وہ کسی ذہنی تناؤ کے شکار نہ ہوں۔
اس کے علاوہ بچوں کو گھر سے ملحق باغ میں کھیلنے کے لیے بھی بھرپور وقت دیا جارہا ہے۔