بھارت ،سٹرین گیس لیکج سے 9افراد ہلاک ،300 کی حالت غیر ہوگئی
آندھرا پردیش : بھارت کی ریاست آندھرا پردیش میں سٹرین گیس کی لیکج سے 9افراد ہلاک ہو گئے جبکہ 300 سے زائد افراد کی حالت غیر ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست آںدھرا پردیش کے ایک ضلع وزگ کے گاؤں وشا کھاپٹنم کی پولیمر انڈسٹری میں کیمیائی گیس کا اخراج ہوا۔ جس کے باعث 9 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 300 سے ز ائد افراد کو ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ زہریلی گیس کے اخراج سے ہزاروں افراد کے بیمار ہونے کی اطلاع ملی ہے۔ ریاستی عہدیدار گوتم سوانگ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کیمیائی گیس کی لیکج پر اب کنٹرول پا لیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ سب کیسے ہوا جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سٹرین گیس کا اخراج صبح کے وقت ہوا جبکہ دیہاتی سو رہے تھے۔
آندھرا پردیش کے وزیراعلیٰ متاثرہ علاقے کیلئے روانہ ہو گئے ہیں جہاں وہ ہسپتال میں متاثرہ افراد کی کی طبعیت کے حوالے سے دریافت کریں گے۔
اس حوالے سے بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کا ٹویٹ بھی سامنے آیا تھا ۔ گیس لیکج کے واقعے پر گہری نظر رکھی ہے متاثر ہونے والے تمام افراد کیلئے د عا گو ہوں۔ بھارتی پولیس کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ دوبارہ سے گیس لیکج کی خبریں غلط ہیں، مرمتی کام کے دوران کچھ بخارات کو ریلیز کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ ابھی بھی 300 زائد افراد کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ متاثر ہونے والے دیگر افراد کے بارے میں آگاہی حاصل کی جا رہی ہے۔ واضح رہے متاثر ہونے والے افراد کی دردناک ویڈیوز سامنے آئی ہیں ۔ جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خواتین بچے سمیت شہری سڑک پر گرے پڑے ہیں۔