وہ ملک جہاں پاکستانی دیگراقلیتوں کی نسبت زیادہ جاں بحق ہوئے
لندن : برطانیہ میں کورونا وائرس سے سفید فام افراد کی نسبت ایشیائی اور سیاہ فام باشندوں کی ہلاکت زیادہ ہوئی ہے۔ جبکہ اقلیتوں میں سب سے زیادہ پاکستانی شہری جاں بحق ہوئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق یونیورسٹی کالج لندن کی جانب سے کی گئی ایک تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ برطانیہ کے مقامی لوگوں کی نسبت ایشیائی ، شیاسہ فام اور دیگر نسلی اقلیتوں میں شرح اموات دوسے تین گنا زیادہ ہے۔ یہ اعدادوشمارنیشنل ہیلتھ سروس سے حاصل کیے گئے جن میں یکم مارچ سے اکیس اپریل تک انگلینڈ کے مختلف ہسپتالوں میں انتقال کرنے والے مریض شامل ہیں۔
تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ پاکستانیوں کے لیے کورونا سے موت کا خطرہ سب سےز یادہ یعنی 3 اعشاریہ 29 گنا، سیاہ فام افریقیوں کےلیے 3 اعشاریہ 24 گنا، بنگلا دیشیوں کےلیے 2 اعشاریہ 41 گنا اور بھارتیوں کےلیے یہ خطرہ 1 اعشاریہ 7 گنا زیادہ ہے۔
برطانوی محکمہ قومی شماریات کے مطابق انگلینڈ کے انتہائی پسماندہ علاقوں میں کورونا سے اموات کی شرح زیادہ اچھی جگہوں کی نسبت 118 فیصد زیادہ ہے۔
خیال رہے کہ برطانیہ دنیا میں ہلاکتوں کے اعتبار سے امریکا کے بعد دوسرے نمبر پر اور یورپ میں پہلے نمبر پر آ گیا ہے جہاں کورونا کے باعث اب تک 30 ہزار سے زائد افراد ہلاک اور دو لاکھ سے زائد متاثر ہو چکے ہیں۔