گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران پاکستان میں 1764 نئے کورونا کیسز سامنے آگئے
اسلام آباد : گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران پاکستان میں 1764 نئے کیسز سامنے آگئے جبکہ 35 افراد مہلک واائرس سے جاں بحق ہو گئے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن کے جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق پاکستان میں کل کیسز کی تعداد 25 ہزار 837 ہو گئی ہے۔ جبکہ صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد میں بھی تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، اب تک 7 ہزار 530 افراد کورونا وائرس کو شکست دے چکے ہیں۔
سندھ میں کورونا کے اب تک 9 ہزار 93،پنجاب میں 10 ہزار 33، خیبرپختونخوا میں 3 ہزار 956 افراد وائرس کا شکار ہو چکے۔ بلوچستان میں 1725،اسلام آبادمیں 558، آزاد کشمیر78، گلگت بلتستان میں 394 افراد متاثر ہو چکے ہیں۔ سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں 209 ہوئیں۔ پنجاب میں 183، سندھ میں 171 بلوچستان میں 24، آسلام آباد میں 4 جبکہ گلگت میں 3 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں ۔
زیرعلاج مریضوں میں سے 163 کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔ دوسری جانب کورونا کے مریضوں کا علاج کرتا طبی عملہ بھی اس سے متاثر ہو رہا ہے۔ کرونا سے دنیا بھر میں 260 نرسیں ہلاک، طبی عملے کے 90 ہزار افراد متاثر ہو چکے ہیں۔ انٹرنیشنل کونسل فار نرسز (آئی سی این)جنیوا نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ دنیا بھر میں کرونا وائرس کے باعث 260 نرسیں ہلاک جب کہ طبی عملے کے 90 ہزار سے زائد اراکین متاثر ہو چکے ہیں۔
میڈیارپورٹس کے مطابق رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حکومتوں کی جانب سے درست اعداد و شمار فراہم نہ کرنا، حفاظتی سامان کی کمی اور دیگر وجوہات کے باعث وائرس سے متاثرہ طبی عملے کی تعداد اس سے دگنا بھی ہو سکتی ہے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر ہاورڈ کیٹن کا کہنا تھا کہ حکومتیں وائرس سے متاثر ہونے والے طبی عملے کے مستند اعداد و شمار فراہم نہیں کر رہیں۔