کورونا وائرس وائٹ ہاوس بھی پہنچ گیا
واشنگٹن : کورونا وائرس امریکی صدارتی محل وائٹ ہاوس تک پہنچ گیا، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ کام کرنے والے عہدیدار کورونا وائرس کا شکار ہوگئے۔سی این این کے مطابق وائٹ ہاؤس میں کورونا وائرس سے متاثرہ شخص امریکی بحریہ کا اہلکار تھا اور وہ صدر ٹرمپ کے ساتھ ڈیوٹی ادا کرتا تھا۔
بعد ازاں وائٹ ہاوس نے سی این این کی خبر کی تصدیق کردی ہے۔ وائٹ ہاؤس کے ڈپٹی پریس سیکریٹری ہوگن گڈلے نے ایک بیان میں کہا ہے کہ صدرڈونلڈ ٹرمپ اور نائب صدر مائیک پینس کے اس کے بعد کرونا وائرس کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں،ان کا نتیجہ منفی آیا ہے اور ان دونوں کی صحت بہت اچھی ہے۔
اس حوالے سے صدر ٹرمپ نے اپنے آفس میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اُن کا اُس اہلکار سے زیادہ رابطہ نہیں تھا لیکن اس کے باوجود انھوں نے بدھ اور جمعرات کو ٹیسٹ کروائے جو نیگیٹو آئے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وائٹ ہاؤس میں کورونا وائرس کے ہفتہ وار ٹیسٹ کے بجائے اب روزانہ ٹیسٹ ہوا کریں گے۔
خیال رہے امریکا دنیا بھرمیں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہونے والا ملک ہے جہاں 76ہزار 537افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ بارہ لاکھ نو ہزار کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔ رپورٹس کے مطاابق امریکا میں اب تک ایک لاکھ پچھتر ہزار افراد اس وائرس کو شکست دے کر گھروں کو جاچکے ہیں۔ امریکا میں سب سے زیادہ ہلاکتیں نیویارک میں ہوئی ہیں جہاں گزشتہ روز ہلاکتوں کی مجموعی تعدادپچیس ہزار ہوچکی تھی۔