امریکا سعودی عرب سے پیٹریاٹ میزائل سسٹم اور عسکری تنصیبات کیوں ہٹا رہا ہے؟
ریاض : امریکا نے سعودی عرب سے پیٹریاٹ میزائل سسٹم اوردیگر عسکری تنصیبات ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔ الجزیرہ نے امریکی اخبار وال سٹریٹ جنرل کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا ہے کہ امریکہ سعودی عرب کی تیل کی تنصیبات پر نصب کیا گیااینٹی میزائل پیٹریاٹ سسٹم اور دیگر جنگی آلات ہٹانے جارہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکا نے یہ سسٹم ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد ایران کی جانب سے ممکنہ کارروائی کے خدشے کے پیش نظر نصب کیا تھاتاہم اب اسے ہٹایا جارہا ہے۔
وال سٹریٹ کے مطابق امریکہ پیٹریاٹ سسٹم کی چار بیٹریز کو ہٹارہا ہے جو زمین اور فضا سے کیے گئے میزائل حملوں کو ناکام بناتی ہیں۔ ان بیٹریز کے ساتھ درجنوں فوجی اہلکاربھی تعینات کیے گئے تھے جنہیں اب وہاں سے ہٹا دیا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق امریکی جنگی جہازو ں کے دو سکواڈرن پہلے ہی اس خطے سے واپس جاچکے ہیں۔ امریکا نے خلیج میں نیوی کی موجودگی میں بھی کمی کا فیصلہ کیا ہے۔ امریکی حکام کے مطابق ایران اب امریکا کیلئے ویسا خطرہ نہیں رہا جیسا وہ قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے فوری بعد محسوس ہورہا تھا۔
امریکی حکام کا کہنا ہےکہ جنوری میں قاسم سلیمانی کی ہلاکت اور اب اس کے ساتھ کورونا کی موجودہ صورتحال نے ایران کو کمزور کردیا ہے جس سے خطے میں تہران کی صلاحیتوں میں کمی ہوئی ہے۔
رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ اس حوالے سے سعودی حکام کا موقف لینے کی کوشش کی گئی ہے تاہم ان کی طرف سے فوری طور پر کوئی جواب میسر نہیں ہوا۔