صرف 8 ہفتے سبزیاں اور پھل کھائیے اور دل توانارکھئے
وسٹن: ایک نئے مطالعے (اسٹڈی) سے معلوم ہوا ہے کہ اگر کوئی بھی فرد صرف دو ماہ یا آٹھ ہفتے تک پھل اور سبزیوں کا تناسب بڑھادے تو اس کے دل پر بہت اچھے اثرات مرتب ہوتےہیں۔
اس نئے مطالعے کی تفصیلات اینلز آف انٹرنل میڈیسن میں شائع ہوئی ہے جس میں شرکا کو تین اقسام کی کی غذائیں کھلائی گئی تھیں۔ ان میں اول، ڈی اے ایس ایچ (ڈائٹری اپروچس ٹو اسٹاپ ہائپرٹیشن)، عام مغربی کھانے اور تیسرے گروہ کو پھل اور سبزیوں کی بہتات دی گئی تھی۔ سروے میں غذا اور دل کے باہمی تعلق پر غور کرنا تھا اور حیرت انگیز طور پر پھل اور سبزیاں دل کے لیے بہت مفید ثابت ہوئیں اور یہ مقابلہ جیت لیا۔
خلاصہ یہ ہے کہ آٹھ ہفتے تک پھل اور سبزیاں کھانے سے دل کو تقویت ملتی ہے اوراس کے بہت اچھے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ واضح رہے کہ ڈی اے ایس ایچ غذا کو بلڈ پریشر بڑھنے سے روکنے کےلیے وضع کیا ہے جس کی تیاری میں دنیا کے بہترین ماہرین نے اپنا اپنا حصہ شامل کیا ہے۔
یہ تحقیق بوسٹن میں واقع بیتھ اسرائیل ڈیکونیس میڈیکل سینٹر کے ڈاکٹر اسٹیفن جیوراشیک کی نگرانی میں کی گئی ہے جس میں تین اقسام کی غذاؤں کا موازنہ کیا گیا ہے۔ تجربے میں 326 افراد شامل تھے جنہیں تین گروہوں میں تقسیم کرکے الگ الگ غذائیں دی گئی تھیں۔ شرکا کی اوسط عمر 45 سال کے لگ بھگ تھی۔
پورے8 ہفتے کےدوران خون میں تین اقسام کے بایومارکرز کو نوٹ کیا گیا جو صحتِ قلب کو ظاہر کرتے ہیں اور شریک افراد دل کے کسی بھی عارضے کے شکار نہ تھے۔ غذا شروع کرانے سے قبل تمام شرکا کو 12 گھنٹے کا فاقہ کرایا گیا تھا۔ ماہرین نے خون میں ٹروپونِن آئی، این ٹرمینل پرو بی ٹائپ نیٹری یوریٹک پیپٹائڈ اور قدرے حساس سی ری ایکٹوو پروٹین کا جائزہ لیا تھا۔
آخری میں نتیجہ برآمد ہوا کہ پھل اور سبزیوں والی غذائیں ہر طرح سے دل کے لیے مفید ثابت ہوسکتی ہیں، تاہم اس مطالعے میں شامل افراد کی تعداد بہت کم تھی۔ اگلے مرحلے میں بڑے پیمانے پر غذائی سروے کیا جائے گا۔