پاکستان میں پہلی بار عید پر نہ کوئی فلم ریلیز ہوئی نہ اسٹیج ڈرامہ ہوسکا
لاہور: پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ عیدالفطر پر نہ ہی کوئی فلم ریلیز ہوئی اور نہ کوئی اسٹیج ڈرامہ پیش کیا جاسکا۔
عید الفطر کا تہوار ہمیشہ سے ہی پاکستان شوبز انڈسٹری کے لیے بہت اہم رہا ہے، اس موقع پر ریلیز کے لیے پیش کی جانے والی فلموں کا بزنس کھڑکی توڑ ہوا کرتا ہے جبکہ اسٹیج ڈراموں کو دیکھنے کے لیے شائقین کی بڑی تعداد تھیٹروں کا رخ کرتی ہے لیکن اس بار ایسا کچھ نہ ہوا اور کورونا وائرس نے فلمی دنیا کی رونق اور رنگینی کو اندھیروں میں دھکیل دیا۔
ملکی تاریخ میں پہلی بار عیدالفطر پر نہ ہی کوئی فلم ریلیز ہوسکی اور نہ کوئی تھیٹر شو ہوسکا۔ اس صورتحال میں فنکاروں کی بڑی تعداد شدید متاثر ہوئی اور تھیٹر سے وابستہ فنکاروں، تکنیک کاروں نے جہاں حکومت سے اپیل کی وہیں احتجاج بھی کیا تھا لیکن کسی نے ایک نہ سنی اور تھیٹر کھولنے کی اجازت نہ دی جاسکی حالانکہ مارکیٹیں، شاپنگ مالز اور دیگر مقامات کو عام عوام کے لیے کھول دیا گیا تھا۔
ایک طرف سنیما اور تھیٹر انڈسٹری سے وابستہ افراد کو کام کی اجازت نہ مل سکی اور دوسری جانب حکومت کی طرف سے امدادی رقوم کی فراہمی کے اعلانات پر بھی عمل درآمد نہ ہوسکا۔
کورونا وائرس کے پیش نظر پڑوسی ملک بھارت میں بھی عیدالفطر کے موقع پر کوئی فلم ریلیز نہیں ہوسکی، ورنہ بالی وڈ اسٹارز شاہ رخ خان، سلمان خان، عامر خان، اکشے کمار اور اجے دیوگن سمیت دیگر کی یہی کوشش رہتی ہے کہ ان کی فلمیں عید کے موقع پر نمائش کے لیے پیش کی جائیں اور وہ بڑا منافع کما سکیں لیکن اس بار ایسا نہ ہوسکا۔