کرینہ کپور کی وہ عادت جو سیف علی خان نے بدل ڈالی
ممبئی : بھارتی اداکارہ کرینہ کپور نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے شوہر نواب سیف علی خان نے ان کی ہمیشہ پیسہ، کامیابی اور شہرت کے پیچھے بھاگنے کی عادت بدل دی ہے۔
کرینہ کپور نے اپنے شوبز انڈسٹری میں 20 سال مکمل ہونے کے موقع پر غیر ملکی میڈیا ’بی بی سی ایشین نیٹ ورک‘ کو انٹرویو کے دوران بتایا کہ 2012 ءمیں ان کے شوہر بھارتی ہیرو سیف علی خان کو فلم ’تلاش‘ میں اہم کردار آفر کیا گیا تھا جو انہوں نے ٹھکرا دیا تھا، کرینہ کپور نے کہا کہ ’ انہیں سیف کے اس فیصلے نے کافی پریشان کر دیا تھا، شاید وہ اس وقت کمرشل فلموں پر زیادہ توجہ دینا چاہ رہے تھے۔‘
کرینہ کپور نے کہا کہ ’ انہوں نے تلاش فلم میں کام کرنے کی اس وقت ہامی بھری جب عامر خان نے فلم میں مرکزی کردار ادا کرنے کے لیے ہاں کی، انہوں نے فلم تلاش میں اپنی اداکاری کو اپنا بہترین کام قرار دیا۔‘
انٹرویو کے دوران کرینہ کپور سے سوال کیا گیا کہ کوئی ایک عادت جو انہوں نے سیف علی خان سے سیکھی ہو جس سے انہوں نے خود میں تبدیلی محسوس کی ہو، جواب میں کرینہ کپور کا کہنا تھا کہ ’ خود کے ساتھ خوش رہنا اور ہمیشہ پیسہ، کامیابی اور شہرت کے پیچھے نہ بھاگنا انہوں نے سیف سے سیکھا، سیف نے مجھے سکھایا کہ زندگی میں پیسہ، دولت، شہرت سے بڑھ کر بھی بہت ساری اہم چیزیں ہیں، پیسہ اور شہرت ہی سب کچھ نہیں ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’سیف نے مجھے سکھایا کہ خاندان، پیار محبت، پر سکون زندگی، ذہنی سکون، کتابیں پڑھنا اور اپنی فیملی کے ساتھ بیٹھ کر کام اور پیشہ ورانہ زندگی سے ہٹ کر باتیں کرنا بھی اہم ہے۔‘کرینہ کپور نے کہا کہ میں امید کرتی ہوں کہ یہ عادتیں نئے آنے والے اداکاروں کو بھی متاثر کریں گی، اچھی عادتوں کا انتخاب بہت اہم ہے، ایک دوسرے کے بجائے خود سے مقابلہ کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’انہوں نے ہالی ووڈ میں اپنا کیریئر بنانے کا نہیں سوچا ہے، جیسے کہ پریانکا چوپڑا نے بنایا، کیوں کہ وہ اپنے خاندان سے دور نہیں رہنا چاہتیں، وہ ہالی ووڈ فلموں کے لیے اچھی اداکارہ ثابت ہوتیں مگر ہندی فلموں کے لیے بھی اچھی ہو سکتی ہیں۔کرینہ سے سوال کیا گیا 2020ءمیں وہ کیا حاصل کرنا چاہتی ہیں جس کے جواب میں کرینہ کا کہنا تھا کہ ’وہ 2020ءمیں لندن میں منتقل ہونا چاہتی ہیں کیوں کہ لندن ان کا پسندیدہ ترین شہر ہے۔‘