مکران کوسٹل ہائی وے پر فائرنگ سے سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 14 افراد جاں بحق
کوئٹہ: بزی ٹاپ کے قریب نامعلوم افراد نے سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 14 افراد کو بسوں سے اتار کر قتل کردیا۔
لیویز ذرائع کے مطابق مکران کوسٹل ہائی وے پر بزی ٹاپ کے قریب نامعلوم افراد نے مسافروں کو بسوں سے اتار کر شناخت کے بعد چند افراد کو علیحدہ کیا اور فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 14 افراد جاں بحق ہوگئے۔ واقعے کے بعد مسلح افراد فرار ہونے میں کامیا ب ہوگئے۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر لیویز اہلکار اور سیکیورٹی فورسز موقع پر پہنچ گئے۔ علاقے کا گھیراؤ کرلیا گیا ہے جب کہ لاشوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ جاں بحق افراد میں سے 11 کی شناخت یوسف، وسیم، فرحان اللہ، علی رضا، ذوالفقار، ہارون، علی اصغر، حمزہ، رضوان، وسیم اور ذہین کے نام سے ہوئی ہے۔ ترجمان پاک بحریہ نے کہا ہے کہ شہید افراد میں بحریہ کے اہلکار بھی شامل ہیں۔