عالمی کپ کیلئے ابتدائی لسٹ تیار
عالمی کپ دو ہزار انیس کیلئے سلیکٹرز نے ابتدائی لسٹ تیار کرلی ہے تاہم حتمی انتخاب سے قبل مزید کچھ نام زیر غور آ سکتے ہیں،ذرائع کا کہنا ہے کہ 18پلیئرز پر مشتمل فہرست میں پاکستان کپ کے کامیاب کھلاڑیوں کو بھی شامل کئے جانے کی توقع ہے لیکن اس بارے میں رواں ہفتے شیڈول میٹنگ میں سلیکٹرز ،کپتان اور ہیڈ کوچ فیصلہ کریں گے ،وہاب ریاض اور عمر اکمل سمیت بعض کھلاڑیوں کیلئے خوش خبری کا امکان پیدا ہو سکتا ہے ،دوسری جانب چیف سلیکٹر نے دعویٰ کیا ہے کہ آسٹریلیا کیخلاف سیریز قومی ٹیم کی کارکردگی کا حقیقی عکس قطعی نہیں تھی ۔ سکواڈ میں اوپننگ کے علاوہ فاسٹ باؤلنگ کے شعبے میں بھی ایک ،دو سپاٹس بدستور خالی ہیں لہٰذا پاکستان کپ میں بہترین کارکردگی کے مالک کچھ ناموں کو زیر غور لایا جا سکتا ہے جس کے بعد رواں ہفتے حتمی کھلاڑیوں کے انتخاب کیلئے چیف سلیکٹر،ہیڈ کوچ اور کپتان کا مشترکہ اجلاس ہوگا جس میں اہم فیصلے کئے جا سکتے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ عوامی سطح سے ابھرنے والے شدید ردعمل کے پیش نظر وہاب ریاض اور عمر اکمل سمیت پاکستان کپ میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے کچھ کھلاڑیوں کو فٹنس ٹیسٹ کیلئے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں طلب کیا جا سکتا ہے جس کا مقصد اس اعلان کا بھرم رکھنا بھی ہو سکتا ہے جس کے تحت ڈومیسٹک کرکٹ کے پرفارمرز کو اہمیت دینے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔ دوسری جانب چیف سلیکٹر انضمام الحق کا دعویٰ ہے کہ وہ عالمی کپ کیلئے بہترین سکواڈ تشکیل دینے کی کوشش کر رہے ہیں اور انہیں پورا یقین ہے کہ رواں سال ورلڈ کپ جیتنے کیلئے پاکستانی ٹیم کہیں زیادہ اہلیت رکھتی ہے ۔ غیر ملکی میڈیا سے گفتگو میں انضمام الحق کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کیخلاف حالیہ ون ڈے سیریز میں پاکستانی ٹیم کی کلین سویپ ناکامی کو موجودہ ٹیم کی کارکردگی اور اہلیت کا عکس قطعی نہ سمجھا جائے ،انہیں پورا بھروسہ ہے کہ آرام کرنے والے پلیئرز کی واپسی پر پاکستان کا سکواڈ بہترین انداز سے تشکیل دیا جا سکے گا جو ایونٹ کے فیورٹس میں سے ایک ہوگا۔