پرائیوٹ اسکولز نے حکومت کا 15 ستمبر سے اسکول کھولنے کا اعلان مسترد کر دیا
لاہور : پرائیوٹ اسکولز نے حکومت کا 15 ستمبر سے اسکول کھولنے کا اعلان مسترد کر دیا۔ حکومت کا اعلانیہ مسترد کرتے ہوئے صدرآل پاکستان پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن کاشف مرزا کا کہنا تھا کہ حکومت 15 اگست سے ملک بھر کے اسکولز کھولنےکا اعلان کرے، بصورت دیگر وہ خود تعلیمی ادارے کھول لیں گے۔ ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ اسکولوں کو قانونی تحفظ قائم کرنے کے لئے سیل قائم کر دیا گیا ہے جبکہ اگر ہمیں اسکول کھولنے سے روکا گیا تو لانگ مارچ کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ جس طرح حکومت نے ملک بھر میں ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے تمام چیزیں کھولی ہیں، اسی طرح اسکول بھی کھول دیئے جائیں، ملک بھر میں ساڑھے 7 کروڑ بچے اپنے آئینی حق سے محروم ہو رہے ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر برائے تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ ملک بھرکے تعلیمی ادارے 15 ستمبرکو ہی کھولے جائیں گے۔
تاہم اس حوالے سے صوبائی وزیر تعلیم پنجاب کی جانب سے بھی بیان سامنے آیا تھا جس میں ان کا کہنا تھا کہ سرکاری اور نجی سکول 15ستمبرسے ہی کھلیں گے۔مراد راس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کی صورتحال بہتر ہونے پر پنجاب بھر کے سرکاری اور نجی اسکولز 15ستمبرسے کھلیں گے۔ اسکول کھولنے کا دارومدار کورونا وبا پر قابو پانے کی صورت میں ممکن ہے۔
اس حوالے سے کورونا ایس او پیز مکمل تیار ہیں۔کورونا ایس او پیز کے حوالے سے والدین کو جلد آگاہ کیا جائے گا۔مراد سے مزید کہا کہ پندرہ ستمبر سے قبل سکول کھلنے کی تمام تر خبریں بے بنیاد ہیں۔
۔قبل ازیں پرائیویٹ سکولز فیڈریشن نے 15 اگست سے سکول کھولنے کا اعلان کیا۔ پرائیویٹ سکولزفیڈریشن اور چیئرمین آل سندھ پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن نے حکومت سے فوری تعلیمی ادارے کھولنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بندش سے کروڑوں طلبہ کا تعلیمی عمل رکا ہوا ہے۔ پرائیویٹ سکولزفیڈریشن کے صدر کاشف مرزا کا کہنا ہے کہ حکومت15اگست سے تمام سکول کھول دے اوراگرحکومت نے ایسا نہ کیا تو خودسکول کھول دیں گے۔