خدشہ ہے کورونا میں کمی کی فتح لاپرواہی سے شکست میں نہ بدل جائے، اسد عمر
اسلام آباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ خدشہ ہے کہ کورونا کیسز میں کمی کی فتح لاپرواہی کے باعث شکست میں تبدیل نہ ہوجائے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ ملک بھر میں کورونا کیسز میں کمی ہوئی ہے، ابھی یہ نہیں کہہ سکتے کہ کورونا ختم ہوا ہے، کورونا کیسز میں کمی کی وجہ بہترین حکمت عملی ہے، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر وولکن بوزکرنے پاکستان کی کورونا کنٹرول پالیسی کی تعریف کی، بل گیٹس نے بھی ہمارے کورونا سے بچاوَ کے اقدامات کو سراہا۔
اسد عمر نے کہا کہ ہم نے پورا ملک بند کرنے کے بجائے اسمارٹ لاک ڈاوَن کی پالیسی اپنائی، پاکستان میں 20 اضلاع میں اسمارٹ لاک ڈاوَن ابھی بھی ہے جب کہ ملک میں کورونا کے 7 ہزار سے زائد فعال کیسز ہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ صحت یاب افراد کے انڈیکس میں بہتری پرہم سب خوش ہیں، کورونا کیسز میں کمی عوامی تعاون کے بغیر ممکن نہیں تھی، کیسز میں کمی پر ہم فتح کا اعلان نہیں کررہے، گزشتہ روز کورونا سے 15 افراد جاں بحق ہوئے، ہمارے لیے 15اموات بھی زیادہ ہیں، یہ نہ سمجھا جائے کہ پاکستان کورونا سے مکمل محفوظ ہے، خدشہ ہے کہ کورونا کیسز میں کمی کا فتح لاپرواہی کے باعث شکست میں تبدیل نہ ہو۔