کشمیریوں کی تحریک آزادی اور حریت قیادت کو بدنام کرنے کی ایک اور بھارتی سازش ناکام
سری نگر: حریت کانفرنس نے بھارت کی جانب سے کشمیریوں کی تحریک آزادی کو بدنام کرنے کی ایک اور بھونڈی کوشش ناکام بنادی۔
پاکستان کی جانب سے 74ویں یوم آزادی کے موقع پر بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی کو پاکستان کے اعلیٰ اعزاز ’نشان پاکستان‘ سے نوازا گیا جو بھارت کو ایک آنکھ نہ بھایا اور بھارت نے حریت قیادت کو بدنام کرنے کی بھونڈی کوششیں شروع کردیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ایک انٹریو میں آل پارٹیز حریت کانفرنس کے ترجمان نے کہا کہ کشمیریوں کی تحریک آزادی کے جذبات کو کمزور کرنے کی کوشش میں ناکامی کے بعد بھارت اب بھونڈی حرکتوں پر اتر آیا ہے، بھارت نے کشمیریوں کی تحریک آزادی اور حریت قیادت کو بدنام کرنے کی کوشش کرتے ہوئے بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی کے نام سے جعلی خط جاری کیا۔ جعلی خط میں پاکستان کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
ترجمان آل پارٹیز حریت کانفرنس کے مطابق بھارت کی جانب سے یہ جعلی خط جاری کرنے کا مقصد حریت قیادت اور پاکستان کے درمیان پھوٹ ڈالنا تھا اور ساتھ ہی آزادی کی تحریک سے وابستہ جماعتوں کے درمیان انتشار اور بے یقینی پیدا کرنا تھا جس میں بھارت کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ کچھ سازشی عناصر حریت قیادت کے مسلسل نظربند ہونے کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتے ہوئے یہ حرکتیں کررہے ہیں تاہم کشمیری عوام ان گھناؤنی سازشوں میں سرگرم بھارتی خفیہ ایجنسیوں اور دیگر عناصر کو کبھی معاف نہیں کرے گی جو تحریک آزادی کے حامیوں کی آڑ میں ایسے جعلی خطوط جاری کرتے ہیں تاہم وہ کبھی بھی اس میں کامیاب نہیں ہوسکیں گے۔
واضح رہے بھارت کی خفیہ ایجنسیاں پہلے بھی کشمیریوں کی تحریک آزادی اور حریت قیادت کو بدنام کرنے کے لیے کئی کوششیں کرچکی ہیں۔