طوفانی بارشوں کے پیشِ نظر کراچی میں آج عام تعطیل
کراچی: شہر میں طوفانی بارشوں سے نظام زندگی شدید متاثر ہونے کے باعث وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نےآج جمعے کو کراچی ڈویژن میں تعطیل کا اعلان کردیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ تمام سرکاری، نیم سرکاری اور نجی ادارے بند رہیں گے تاہم ضروری خدمات فراہم کرنے والے ادارے کھلے رہیں گے۔ علاوہ ازیں محکمہ بلدیات، صحت، واٹر بورڈ، پی ڈی ایم اے، ریونیو کے دفاتر بھی کام کریں گے۔ ترجمان وزیراعلی ہاؤس کے مطابق تعطیل صرف کراچی ڈویژن میں ہوگی چیف سیکریٹری سندھ نے حکم نامہ جاری کردیا۔
واضح رہے کہ جمعرات کو بھی کراچی میں طوفانی بارشوں کا سلسلہ جاری رہا جس کے باعث شہر کی تمام مرکزی شاہراہیں، کاروباری مراکز اور مارکیٹیں زیرب آب آگئیں اور اکثر علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی جس کے باعث شہر میں زندگی مکمل طور پر مفلوج ہوگئی ہے۔ یاد رہے محکمہ موسمیات نے جمعے کی صبح تک بارشوں کا سلسلہ جاری ہنے کی پیش گوئی کی ہے۔