خیبرپختونخوا نے سیلز ٹیکس میں نمایاں کمی کردی

پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے مفاد عامہ اور تجارت و ٹیکس کلچر کے فروغ کیلئے خدمات کی فراہمی سے وابستہ مختلف شعبہ جات پر سیلز ٹیکس کی شرح میں نمایاں کمی کردی۔

خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی( کیپرا) نے اعلامیہ میں کہا کہ صوبے میں خدمات کی فراہمی سے وابستہ کل 29 شعبہ جات پر سیلز ٹیکس کی شرح میں زبردست کمی لائی گئی ہے۔

خدمات کے شعبے سے وابستہ 10 شعبہ جات پر سیلز ٹیکس کی شرح کو 15 سے کم کرکے صرف 2 فیصد کر دیا گیا، 5 شعبہ جات پر ٹیکس کو 15 سے کم کرکے 5 فیصد، 6 شعبوں پر ٹیکس 15 سے کم کرکے 10 اور 8 فیصد کر دیا گیا۔

ڈی جی کیپرا فیاض علی شاہ نے بتایا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے ہوٹل، ریسٹورنٹ، سرائے اور مہمان خانوں پر سیلز ٹیکس 15 سے کم کرکے 8 فیصد کر دیا گیا۔

ریسٹورنٹ انوائس منیجمنٹ سسٹم استعمال کرنے والے ہوٹلوں پر سیلز ٹیکس کی شرح 5 فیصد ہوگی، ہوائی اڈوں، ڈرائی پورٹس، کنٹینر ٹرمینل اور گودام وغیرہ پر ٹیکس کو 15 سے کم کرکے 10 فیصد، سڑک کنارے کام کرنے والے مستری خانوں پر ٹیکس کی شرح 5 سے کم کرکے 2 فیصد کر دی گئی ہے.

صنعتی ورکشاپ کی خدمات پر ٹیکس کو 10 سے کم کرکے 5 فیصد کر دیا گیا جبکہ بیوٹی پارلرز پر ٹیکس کو 8 سے کم کرکے 5 فیصد کردیا گیا ہے۔

آلات کی فراہمی، سامان کی ترسیل، کارگو سروسز، انشورینس، نیلامی اور کاروبار سے منسلک دیگر شعبوں میں خدمات فراہم کرنے والے اداروں پر بھی سیلز ٹیکس کی شرح کو 15 فیصد سے کم کرکے 2 فیصد کر دیا گیا ہے۔

پراپرٹی ڈیلرز، گاڑیوں کی خرید و فروخت کرنے والے باگین، کار واش، کال سینٹرز اور ڈیجیٹل اور انفارمیشن ٹیکنالوجی شعبے میں خدمات سے وابستہ اداروں اور افراد پر پر سیلز ٹیکس کی شرح کو5 فیصد سے کم کرکے 2 فیصد کر دیا گیا ہے۔

admin

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے