آئی ایم ایف کے ساتھ اصولی اتفاق ہوگیا ہے پروگرام جلد شروع ہوگا، وزیر خزانہ
واشنگٹن: وزیرخزانہ اسد عمرکا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ اصولی اتفاق ہوگیا ہے پروگرام جلد شروع ہوگا جس سے پاکستانی معیشت میں بہتری آئے گی۔
وزیرخزانہ اسد عمرنے امریکا میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگوں کے سبب آئی ایم ایف کے پاس جانے پرمجبورہوئے ہیں، پیپلزپارٹی اور(ن) لیگ کی حکومتوں کوبھی اس کے پاس جانا پڑا تھا، آئی ایم ایف کے ساتھ اصولی اتفاق ہوگیا، اس کا مشن اگلے چند روزمیں پاکستان کا دورہ کرے گا اور پروگرام جلد شروع ہوگا۔
وزیرخزانہ نے کہا کہ پاکستان میں آئی ایم ایف کے ساتھ تکنیکی تفصیلات طے کی جائیں گی، اس کی شرائط سے پہلے بنیادی تبدیلیاں کی جاچکی ہیں، پروگرام جلد مکمل ہوجائے گا جس سے پاکستانی معیشت میں بہتری آئے گی۔
وزیرخزانہ نے کہا کہ پاکستان میں اسٹرکچرکی سطح پرکچھ چیزیں غلط ہیں، کرنٹ اکاؤنٹ اورتجارتی خسارے میں کمی آرہی ہے، قلیل مدتی فنانسنگ کا بھی انتظام کرلیا، پاکستان کچھ عرصے سے ادائیگیوں کے توازن کے بحران سے دوچارہے، حکومت ڈھانچہ جاتی اصلاحات پرکام کرہی ہے۔
وزیرخزانہ نے اپنے استعفے سے متعلق زیرگردش باتوں سے متعلق کہا کہ وزیراعظم کے بغیرجب بھی بیرون ملک جاتا ہوں تو ایسی باتیں کی جاتی ہیں، جن میں کوئی سچائی نہیں، میں کہیں نہیں جارہا، وزیراعظم نے کہا تھا کہ پاکستان کو تمہاری ضرورت ہے۔