ارطغرل غازی کب پاکستان آرہے ہیں، تاریخ منظرعام پرآگئی
انقرہ: ترک ڈراما سیریل کے معروف اداکارارطغرل غازی کے پاکستان آنے کی تاریخ منظرعام پر آگئی ہے جس کے بعد ان کے مداح نہایت خوش ہیں۔
ترکی کے مقبول ڈرامے ’’دیریلش ارطغرل‘‘ کو وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر پاکستان میں اردو میں ڈب کرکے ’’ارطغرل غازی‘‘ کے نام سے دکھایا جارہا ہے۔ اس ڈرامے کی پہلی قسط پی ٹی وی پراپریل میں نشر ہوئی تھی اور پہلی ہی قسط نے پاکستانیوں کو اپنا دیوانہ بنالیا تھا۔
ڈراما ’’ارطغرل غازی‘‘ پاکستان میں اتنا زیادہ مقبول ہوا کہ خود ڈرامے کے ڈائریکٹر، پروڈیوسر اور اداکار بھی حیران رہ گئے۔ پاکستان میں نہ صرف ڈراما پسند کیا جارہا ہے بلکہ ڈرامے کے اداکاروں کو بھی بے حد سراہا جارہا ہے۔ خاص طور ڈرامے کے مرکزی اداکاروں اینگن التان دزیاتن (ارطغرل غازی) اور اسرا بلگیچ (حلیمہ سلطان) کے مداحوں کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے۔
پاکستانی اپنے پسندیدہ اداکاروں سے ملنے کے لیے بے تاب ہیں۔ تاہم اب یہ انتظار ختم ہوا کیونکہ ارطغرل غازی اگلے ماہ تین روز کے لیے پاکستان آرہے ہیں۔
لندن میں واقع ایونٹ مینجمنٹ تنظیم ’’فرنٹیئر ورلڈ‘‘ کی جانب سے جاری کی جانے والی پریس ریلیز کے مطابق اینگن التان دزیاتن اگلے ماہ اکتوبر میں پاکستان آئیں گے ان کا دورہ تین روز پر مشتمل ہوگا اور وہ 9 سے 11 اکتوبر تک پاکستان میں قیام کریں گے۔ اینگن التان کے پاکستانی دورے کو ’’جشن ارطغرل‘‘ کا نام دیا گیا ہے
اپنے دورے کے دوران اینگن التان کراچی، لاہور اور اسلام آباد جائیں گے جہاں وہ مختلف تقاریب کے دوران اپنے مداحوں سے ملاقات کریں گے اس کے علاوہ خصوصی سوالات اور جوابی سیشنوں کا انعقاد ہوگا جہاں وہ اسٹیج پر شائقین کے سوالات کے جوابات دیں گے۔
ارطغرل غازی کے دورہ پاکستان کا اہتمام ترکی کے ریڈیو ٹیلی ویژن کارپوریشن (ٹی آرٹی) اور فرنٹیئر ورلڈ مینجمنٹ فرم کے تعاون سے ہورہا ہے۔