سی سی پی او لاہور کی تعیناتی پر آئی جی پنجاب کا کام کرنے سے انکار
لاہور پولیس کے سربراہ عمر شیخ کی تعیناتی کا تنازع شدت اختیار کرگیا ہے اور وزیراعلی پنجاب سے ملاقات کے باوجود آئی جی پنجاب اپنے آفس سے غیر حاضر رہے۔
پنجاب پولیس اور لاہور پولیس کے سربراہان میں ڈیڈلاک برقرار ہے اور آئی جی پنجاب شعیب دستگیر تیسرے روز بھی فرائض سرانجام دینے کے لئے اپنے آفس نہیں آئے۔
گزشتہ روز وزیراعلی پنجاب سے ملاقات کے باوجود آئی جی پنجاب اپنے آفس سے غیر حاضر ہیں، جس پر ماتحت افسران تذبذب کا شکار ہیں۔
آئی جی پنجاب شعیب دستگیر کا کہنا ہے کہ کیپٹل سٹی کی پولیس کے نئے سربراہ عمر شیخ کو میری مشاورت سے تعینات نہیں کیا گیا، سی سی پی او لاہور عمر شیخ کو نہ ہٹایا گیا تو میں بحیثیت آئی جی پنجاب اپنے عہدے پر نہیں رہوں گا۔
ذرائع کے مطابق آئی جی پنجاب نئے سی سی پی او لاہور عمر شیخ کی تعیناتی پر وزیر اعظم پاکستان اور وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار سے بھی ملاقات کر چکے ہیں۔