موٹروے زیادتی کیس؛ متنازع بیان پر سی سی پی او لاہور طلب
اسلام آباد: قائمہ کمیٹی نے کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) لاہور کو موٹروے زیادتی کیس میں متنازع بیان پر طلب کرلیا۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کا ریاض فتیانہ کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں کمیٹی نے موٹروے پر زیادتی واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے شدید مذمت کی اور ملزمان کو سزا دینے کا مطالبہ کیا۔
کمیٹی نے سیکرٹری کمیونیکیشن، آئی جی موٹر وے پولیس اور سی سی او پی لاہور کو آئندہ اجلاس میں طلب بھی کرلیا۔ چیئرمین کمیٹی ریاض فتیانہ نے کہا کہ یہ معاملہ انتہائی شرم ناک ہے، موٹر وے مارچ میں کھول دی گئی لیکن ابھی تک موٹر وے پولیس تعینات کیوں نہیں ہوئی۔
عثمان بزدار نے بھی سی سی پی او کو طلب کرلیا
دوسری جانب لاہور میں وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے بھی آج شام اہم اجلاس طلب کرلیا جس میں موٹر وے زیادتی کیس کی تحقیقاتی کمیٹی اب تک کی پیش رفت سے آگاہ کرے گی جبکہ پنجاب بھر میں خواتین، مرد اور بچوں سے ہونے والی زیادتیوں سے متعلق کیسز کا جائزہ لیا جائے گا۔
عثمان بزدار نے اجلاس میں سی سی پی او لاہور عمر شیخ کو بھی طلب کرلیا اور ان کے متنازع بیان پر وضاحت لی جائے گی۔