چوری شدہ فون ایک دن بعد بندر کی سیلفیوں کے ساتھ برآمد

کوالالمپور: ملائیشیا کے ایک شخص نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ اس کا گمشدہ اسمارٹ فون ایک روز کے بعد دوبارہ مل گیا لیکن اس میں بندروں کی سیلفیاں اور ویڈیوز بھی پائی گئی ہیں۔

ملائیشیا میں بندروں سے اٹے گھنے سبزے کے پاس رہنے والے طالبعلم ذاکری نے بتایا کہ ایک روز وہ سورہا تھا کہ سرہانے رکھا فون غائب ہوگیا۔ اایک دن بعد یہ فون گھرکے عقب میں گھنے جنگل سے ملا۔ تاہم دیکھنے پر انکشاف ہوا کہ اس میں ایک بندر کی ازخود کھینچی گئی تصاویر، سیلفیاں اور ویڈیو بھی موجود ہیں۔ ایک چھوٹٰی ویڈیو میں بندر منہ کھولے فون کو کھانے کی کوشش کررہا ہے۔

ذاکری نے یہ تمام احوال ایک ٹویٹر پر پوسٹ کرتے ہوئے تصاویر اور ویڈیو بھی شیئر کی ہے۔ لیکن اب تک یہ بات ثابت نہیں ہوسکی کہ آخر فون کس طرح غائب ہوا تھا۔ دوسری جانب تصاویر کی حتمی تصدیق بھی نہیں ہوسکی ہے۔ تاہم 20 سالہ ذاکری نے بتایا کہ جب وہ صبح بیدار ہوا تھا تو فون غائب ہوچکا تھا لیکن چوری ڈکیتی کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔

فون کی گھڑی کے مطابق دوپہر دو بج کر ایک منٹ پر ایک ویڈیو میں بندر کو فون کھانے کی کوشش کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔ اس کے عقب میں بڑے بڑے پتے اور پرندوں کی آواز بھی سنی جاسکتی ہے۔ اس کے علاوہ بندر کی کئی تصاویر بھی فون میں محفوظ ہوگئی ہیں

تاہم اتوار کی دوپہر کو ذاکری کے والد نے دیکھا کہ ان ک گھر کے باہر ایک بندر ہے۔ اس پر فون پر کال کی گئی تو جنگل میں قریب سے اس کی آواز محسوس ہوئی اور آخر کار پام کے ایک درخت تلے مٹی میں لتھڑا فون مل ہی گیا

فون چیک کیا گیا تو اس میں بندر کی تصاویر اور ویڈیو موجود تھیں۔ ذاکری کا خیال ہے کہ رات کے وقت کھڑکی کھلی رہنے سے ایک بندر کمرے میں آیا اور فون اٹھا کر چلتا بنا تھا۔ ذاکری نے ٹویٹر پر بتایا کہ اس طرح کے واقعات ایک صدی میں ایک مرتبہ ہی رونما ہوتے ہیں۔

admin

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے