مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں 2 نوجوان شہید
سری نگر: قابض بھارتی فوج نے ضلع پلوامہ میں سرچ آپریشن کی آڑ میں دو کشمیری نوجوانوں کو گولیاں مارکر شہید کردیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جنت نظیر وادی کے ضلع پلوامہ میں داخلی و خارجی راستوں کو بند کر کے قابض بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کے نام پر گھر گھر تلاشی لی جس کے دوران جنگی جنون میں مبتلا بھارتی فوج نے فائرنگ کرکے دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔
بھارت نواز کٹھ پتلی انتظامیہ نے شہید ہونے والے نوجوانوں کو عسکریت پسند ثابت کرنے کے لیے بے بنیاد الزام لگائے اور ماورائے عدالت قتل کو مقابلہ ظاہر کرنے کی کوشش کی جسے شہداء کے لواحقین اور علاقہ مکینوں نے شواہد پیش کرکے جھوٹا ثابت کردیا۔
قابض بھارتی فوجی نے بنیادی انسانی حقوق کی دھجیاں اُڑاتے ہوئے نوجوانوں کی لاشوں کو لواحقین کے حوالے کرنے سے انکار کردیا جس پر سیکڑوں کشمیری سڑکوں پر نکل آئے اور اس ظلم و بربریت کیخلاف شدید احتجاج کیا۔ مظاہرین نے آزادی کشمیر کے حق میں نعرے بھی لگائے۔
واضح رہے کہ بھارتی فوج کے ہاتھوں ایک ماہ قبل شہید ہونے والے نوجوانوں سے متعلق ثابت ہوگیا ہے کہ تینوں نوجوان تعلیم اور روزگار کی غرض سے وادی میں آئے تھے جنہیں بھارتی فوج نے عسکریت ثابت کرکے گولیاں مار کر جعلی مقابلے میں شہید کردیا تھا۔