جاپان میں نارنجی کی ایک پیٹی 15 لاکھ روپے میں نیلام

ٹوکیو: چھوٹے کینو کی طرح کی ایک نارنجی کی آپ کتنی قیمت دے سکتے ہیں؟ لیکن جاپانی عوام کا اگر دل آجائے تو وہ ایک پھل کی قیمت 15 ہزار روپے بھی دے سکتے ہیں۔

جی ہاں ایک نئی خبر کے مطابق جاپان کی پھل مارکیٹ میں نارنجیوں کا ایک کریٹ 9600 ڈالر میں فروخت ہوا ہے جس سے قبل دھواں دھار نیلامی کی گئی تھی۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ یہ چھوٹی منڈارِن نارنجیاں بہت خوش ذائقہ ہوتی ہیں اور جاپانیوں کو قیمتی پھل کھانے سے بہت رغبت ہے۔ اس سے قبل یہی جاپانی خاص تربوز کی قیمت 27 ہزار ڈالر ادا کرچکے ہیں۔

مقامی زبان میں ان نارنجیوں کو مائیکان کہا جاتا ہے اور جمعرات کو ٹوکیو کی مرکزی ہول سیل مارکیٹ میں ایک کریٹ 15 لاکھ 30 ہزار روپوں میں فروخت ہوئی ہے۔ اس کا پورا نام ساتسوما منڈارِن اورنج ہے جنہیں ایک جزیرے ایہائیم میں بہت نفاست سے کاشت کیا جاتا ہے۔ اس کا چھلکا پتلا اور آسانی سے اترنے والا ہوتا ہے جبکہ اندر گہرے نارنجی رنگ کا گودا ہوتا ہے۔ کہا جاتا ہے کہ ہر لاجواب مٹھاس سے بھرپور قاش منہ میں جاتے ہی گھل جاتی ہے۔ ان میں سب سے مشہور برانڈ ہینومارو ہے۔

ہینومارو نارنجیاں ایک محدود رقبے پر کاشت کی جاتی ہیں۔ اس علاقے میں 100 تربیت یافتہ کسان بہترین معیار کی نارنجیاں اگاتے ہیں۔ عام حالات میں منڈارن اورنج کی دس کلو پیٹی صرف 75 ڈالر میں فروخت ہوجاتی ہے لیکن اس بار یہ ریکارڈ قیمت میں فروخت ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس جاپان میں ہی روبی انگوروں کے 24 خوشے 11 ہزار ڈالر میں نیلام ہوئے تھے۔ یہی وجہ ہے کہ جاپان میں لگژری پھلوں کی غیرمعمولی قیمت پر نیلامی ایک عام بات ہے۔

admin

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے