فرضی مخلوق بننے کے لیے فنکار نے ’خوفناک‘ مصنوعی دانت لگوالیے

ساؤ پاؤلو: آپ نے فلموں اور کارٹونوں میں اورک نامی عفریت دیکھا ہوگا جس کا چہرہ انسان کا ہوتا ہے اور نچلے دانت کسی ہاتھی دانت کے طرح بڑے ہوتے ہیں۔ اس مخلوق کو اورک کا نام دیا گیا ہے۔

اس سے متاثر ہوکر اب برازیل کے 41 سالہ ٹیٹو فنکار نے خود کو اورک میں ڈھال دیا ہے۔ انہوں نے نچلے جبڑے کے دونوں کناروں پر لگے نوکدار دانت پر مصنوعی دانت لگوائے جو مخروطی شکل میں اوپر کی جانب بڑھے ہوئے ہیں۔ ساتھ ہی ان کے درمیان دانتوں کو بھی غیرمعمولی طور پر بڑا کیا گیا ہے۔

15 سال کی عمر میں انہوں نے اپنے جسم پر ٹیٹو بنوانا شروع کیا اور اب تک جسم کے ہر حصے پر ٹیٹو گدوا چکے ہیں۔ تاہم حال ہی میں وہ اورک بنے ہیں کیونکہ وہ اورک سے بہت متاثر ہیں۔ انسان نما عفریت اورک کا ذکر سب سے پہلے جے آر آر ٹولکائن نے کیا تھا اور پھر یہ کردار لارڈ آف دی رنگز میں بھی دیکھے گئے۔ اورک عموماً بدصورت، خونخوار، اور انسان دشمن ہوتےہیں۔

اورک اس وقت برازیل کے شہر اگواتیمی میں رہتے ہیں اور اب تک کئی مرتبہ اپنے جسم میں ظاہری تبدیلیاں بھی کرواچکے ہیں۔ یہاں تک کہ وہ اپنی دونوں آنکھوں کے سفید حصوں کو بھی سیاہ کرچکے ہیں۔ اس کے بعد انہوں نے کان کٹوائے ہیں، زبان کو دوشاخہ کروایا اور کھال کے نیچے بھی کئی پیوند لگائے ہیں۔ اب ہاتھی نما دانت لگوانے کے لیے انہوں نے 500 ڈالر خرچ کئے ہیں۔

اورک نے بتایا کہ وہ خود کی سنتے ہیں اور اس کے تحت ہی خود کو تبدیل کرواتے ہیں۔ وہ دوسروں کی نقل کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتے۔ اورک کہتے ہیں کہ وہ اپنے حلیے سے مطمئن ہیں لیکن خود ان کے بچے اور اہلِ خانہ اس سے خوش نہیں۔ دوسری جانب ان کی بیگم کرشنا اپنے شوہر کے نئے حلیے سے بہت خوش ہیں۔

admin

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے