میری پیدائش پر والدہ خوش نہیں تھیں، اقرا عزیز سے متعلق چند دلچسپ حقائق

کراچی: ڈراما سیریل ’’سنو چندا‘‘، ’’رانجھا رانجھا کردی‘‘ اور ’’جھوٹی‘‘ سمیت متعدد کامیاب ڈراموں میں اداکاری کرنے والی ورسٹائل اداکارہ اقرا عزیز کی زندگی سے متعلق چند دلچسپ حقائق ہیں جنہیں شاید بہت کم لوگ جانتے ہیں۔

اقرا عزیز نے اپنے کیریئر کا آغاز ماڈلنگ اور اشتہارات میں کام کرکے کیا تھا۔ انہوں نے 2014 میں ڈراما سیریل ’’کسے اپنا کہیں‘‘کے ذریعے ڈراموں میں اداکاری کا آغاز کیا۔ اس ڈرامے میں انہوں نے اریج فاطمہ اور دانش تیمور کے ساتھ سپورٹنگ کردار اداکیا تھا اور اس وقت ان کی عمر صرف 17 برس تھی۔

’’مقدس‘‘ وہ ڈراما ہے جس میں اقرا عزیز نے اداکار نور حسن کے ساتھ پہلی بار مرکزی کردار ادا کیا اور اس ڈرامے کے لیے انہیں بہترین ٹی وی سنسیشن کا ہم ایوارڈ بھی ملا تھا۔

اقرا کی والدہ پہلی کریم ڈرائیور، اقرا کی پیدائش پر ناخوش
اقرا عزیز 24 نومبر 1997 کو ایک سندھی فیملی میں پیدا ہوئیں۔ ان کے گھر میں ان کی والدہ ، بڑی بہن سدرہ عزیز اور وہ خود ہیں۔ ان کی والدہ نے اپنی دونوں بیٹیوں کی بطور سنگل پیرنٹ پرورش کی ہے۔ اقرا عزیز کی والدہ بااختیار خواتین کی بہترین مثال ہیں انہوں نے نہ صرف اپنے بچوں کی پرورش اکیلے کی، بلکہ وہ کراچی کی پہلی فی میل کریم ڈرائیور بھی ہیں

ایک انٹرویو کے دوران اقرا عزیز نے کہا تھا کہ ان کی زندگی میں مالی مشکلات بھی آئیں لیکن ان کی والدہ نے وقار اور فخر کے ساتھ اپنے خاندان کے لیے جدوجہد کی ۔ ایک اور انٹرویو میں اقرا عزیز نے انکشاف کیا تھا میں یہ نہیں کہتی کہ میری والدہ کی سوچ غلط تھی لیکن ہر ماں کی طرح میری والدہ بھی ایک بیٹا اور بیٹی چاہتی تھیں تاکہ ان کا خاندان مکمل ہوجائے۔

چونکہ میری بڑی بہن سدرہ کی پیدائش ہوچکی تھی لہذا جب میں پیدا ہونے والی تھی تو میری والدہ بیٹے کی خواہشمند تھیں لیکن میری پیدائش پر وہ مایوس ہوگئی تھیں اور خوش نہیں تھیں۔ اقرا عزیز نے یہ بھی بتایا کہ میری والدہ مجھے بتاتی ہیں جب میں پیدا ہوئی تو اتنی چھوٹی تھی کہ مرغے کی ٹانگ کے برابر تھی۔ لیکن اب میری والدہ مجھ سے بہت محبت کرتی ہیں یہاں تک کہ میری بڑی بہن سے بھی زیادہ اور ہر معاملے میں مجھے سپورٹ کرتی ہیں۔


اقرا تین سال کی عمر تک اپنے والد سے نہیں ملی تھیں

اقرا عزیز نے تین سال کی عمر تک اپنے والد کو نہیں دیکھا تھا۔ ان کے والد کام کے سلسلے میں سعودی عرب میں رہتے تھے اور اس وقت پاکستان آئے جب اقرا تین سال کی تھیں۔ لہذا وہ تین سال کی عمر میں پہلی بار اپنے والد سے ملیں۔ بدقسمتی سے جب اقرا 12 برس کی تھیں تو ان کے والد کی ہارٹ اٹیک کی وجہ سے موت ہوگئی۔ اقرا عزیز اکثر اپنے والد کے ساتھ گزارے گئے وقت کی بات کرتی ہیں اور وہ 9 برس جو انہوں نے اپنےوالد کے ساتھ گزارے انہیں یاد کرتی ہیں۔

اقراعزیز نے تعلیم مکمل نہیں کی

اقرا عزیز نے اداکاری کی وجہ سے اپنی تعلیم مکمل نہیں کی۔ انہوں نے کراچی یونیورسٹی میں کامرس ڈیپارٹمنٹ میں داخلہ لیا تھا لیکن وہ اپنا گریجویشن مکمل نہیں کرسکیں۔ تاہم وہ اداکاری اور ماڈلنگ سے بریک لے کر جلد سے جلد تعلیم مکمل کرنا چاہتی ہیں۔

یاسر حسین کیساتھ منگنی حقیقت یا ڈراما

اقرا عزیز اداکاری میں تو کسی سے پیچھے نہیں لیکن ان کی حقیقی زندگی بھی کسی فلم سے کم نہیں۔ ان کی زندگی میں ایک وقت ایسا بھی آیا جیسا اکثر فلموں میں دیکھنے کو ملتا ہے۔ 18 ویں لکس اسٹائل ایوارڈز کی تقریب کے دوران یاسر حسین نے ہیرو کی طرح سب کے سامنے گھٹنوں کے بل جھک کر اقرا عزیز کو شادی کی پیشکش کی۔

اقرا عزیز نے بھی کسی فلم کی ہیروئن کی طرح روتے ہوئے یاسر حسین کی شادی کی پیشکش قبول کرتے ہوئے انگوٹھی پہن لی تھی۔ اس واقعے نے پورے میڈیا کی توجہ اپنی جانب کھینچ لی تھی۔ تاہم بہت سے لوگوں کا ماننا ہے کہ شادی کی پیشکش اچانک نہیں تھی بلکہ اقرا عزیز اور یاسر حسین نے پہلے سے اس کی منصوبہ بندی کی ہوئی تھی ۔ تاہم یہ جوڑی 28 دسمبر 2019 کو شادی کے بندھن میں بندھ گئی اور ایک خوشگوار زندگی گزار رہی ہے۔

admin

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے