گلگت بلتستان انتخابات میں پی ٹی آئی اور آزاد امیدواروں نے میدان مار لیا
گلگت بلتستان کے انتخابات میں تمام نشستوں کے غیر سرکاری نتائج موصول ہوگئے، تحریک انصاف 10 نشستوں کے ساتھ سرفہرست ہے جب کہ پیپلز پارٹی 3 نشستوں کے ساتھ دوسرے اور (ن) لیگ دو نشستوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے، 7 نشستوں پر آزاد امیدوار فتح یاب ہوگئے۔
گلگت بلتستان کی 24 میں سے 23 نشستوں کے لیے ووٹنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک پر امن طریقے سے بلاتعطل جاری رہا۔ سرد موسم میں بھی لوگ اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کے لیے قطار میں کھڑے نظر آئے۔
تحریک انصاف اور آزاد امیدواروں نے میدان مار لیا
انتخابات میں تمام 23 حلقوں کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج سامنے آچکے ہیں جن میں سے 10 نشستوں پر تحریک انصاف کامیابی حاصل کرچکی ہے۔ پیپلز پارٹی کو 3، مسلم لیگ (ن) کو دو اور ایم ڈبلیو ایم کو ایک نشست ملی جبکہ 7 آزاد امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔ نتائج آنے پر گلگت کے مختلف مقامات پر ہوائی فائرنگ اور آتش بازی کی گئی اور متوقع فتح یاب امیدواروں کے کارکنوں نے جشن منایا۔
پیپلز پارٹی کی بڑی وکٹ گرگئی
جی بی اے 7 اسکردو سے گلگت بلتستان کے سابق وزیر اعلی اور پیپلز پارٹی کے امیدوار سید مہدی علی شاہ کو پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار راجا محمد زکریا نے شکست دے دی۔ جی بی اے 7 اسکردو کے 30 میں سے 30 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے راجا محمد زکریا خان نے 5290 ووٹ حاصل کیے جب کہ سابق وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سید مہدی شاہ 4114 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔