نومنتخب امریکی صدر جوبائیڈن ابتدائی 100 روز میں کورونا پر قابو پانے کیلیے پرعزم
واشنگٹن:
نومنتخب امریکی صدر جوبائیڈن نے اپنا ابتدائی 100 روز کا پلان بتاتے ہوئے کہا کہ وہ کورونا وائرس پر قابو پانے کیلیے پرعزم ہیں۔
حالیہ صدارتی انتخابات میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو شکست دینے والے جوبائیڈن کورونا وائرس کو انتہائی سنجیدگی سے دیکھ رہے ہیں جس کی واضح مثال کورونا پر قابو پانے کیلیے وہ اقدامات ہیں جو ٹرمپ کی جانب سے نہیں کیے گئے جس کے باعث کورونا سے اموات میں امریکا سرفہرست ہے۔
نومتخب امریکی صدر جوبائیڈن نے اقتدار سنبھالنے کے بعد ابتدائی 100 دن میں کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے اہم اہداف واضح کردیے اور انہوں نے دیگر اہم شعبوں کی طرح صحت میں بھی اہم عہدوں پر نامزدگیاں کرتے ہوئے کہا کہ ہم ابتدائی 100 دنوں زیادہ سے زیادہ کورونا ویکسین اور ماسک تقسیم کرنے کے ساتھ ساتھ اسکول دوبارہ کھولنے کی کوشش کریں گے۔
جوبائیڈن کا کہنا تھا کہ بطور نومنتخب صدر میں براہ راست امریکی عوام سے بات کروں گا، اور ان سے درخواست کروں گا کہ 100 دن تک ماسک پہن کر ہماری مدد کریں جب کہ ہم ابتدائی 100 دنوں میں 100 ملین کورونا ویکسین تقسیم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
امریکا کے 46ویں صدر جوبائیڈن نے ڈونلڈ ٹرمپ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ہم اس مصبیت میں بہت جلدی گرفتار نہیں ہوئے اور نہ ہی اس سے بہت جلدی چھٹکارا حاصل کرسکتے ہیں، اس وبا سے نبردآزما ہونے میں وقت درکار ہوگا لیکن مجھے امید ہے ہم 100 دن میں کورونا وائرس پر بہت حد تک قابو پالیں گے۔
واضح رہے دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 15 لاکھ 24 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جب کہ صرف امریکا میں متاثرین کی تعداد 14 لاکھ سے زائد اور اب تک 2 لاکھ 80 ہزار زائد امریکی اس وبا سے ہلاک ہوچکے ہیں۔