پاکستان کا کورونا وائرس کی ویکسین چین سے خریدنے کا فیصلہ

اسلام آباد : حکومت نے کورونا وائرس کی ویکسین چین سے خریدنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیرسائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان کے لیے ابتدائی طور پر چینی کمپنی سائنوفارم سے ویکسین کی 12 لاکھ ڈوزیز خریدی جائیں گی۔ مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا کہ چینی کمپنی سائنوفارم سے ویکسین کی خریداری کا فیصلہ کابینہ کمیٹی نے کیا ہے۔

ویکسین 2021 کی پہلی سہ ماہی میں فرنٹ لائن ورکرز کو مفت مہیا کی جائیں گی۔ وزیرسائنس و ٹیکنالوجی کا کہنا تھا کہ پرائیویٹ سیکٹر یا کوئی اور بین لاقوامی منظور شدہ ویکسین امپورٹ کرنا چاہےتو کرسکتا ہے۔ چینی سینو فارم ویکسین 79 فیصد مؤثر ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز سربراہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) اسد عمر کی زیر صدارت کورونا ویکسین کی خریداری سے متعلق خصوصی کمیٹی کا اجلاس ہوا تھا، اجلاس میں وفاقی وزیر فواد چوہدری، حماد اظہر، ثانیہ نشتر، معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے شریک تھے۔

ذرائع کے مطابق حکومت نے کورونا ویکسین کی خریداری دوست ملک چین سے کرنے کا فیصلہ کیا تھا، حکومت نے ہیلتھ کیئر ورکرز کے لیے کورونا ویکسین سائینو فارم سے خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ سائینو فارم چین کی سرکاری کورونا ویکسین ساز فارما کمپنی ہے۔ قبل ازیں امریکہ نے پاکستان کو پہلے مرحلے میں کورونا وائرس کی ویکسین فراہم کرنے سے معذرت کر لی تھی۔

روس نے بھی پاکستان کو عالمی وبا کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین اسپتنک فائیو دینے کی پیشکش کی ہے۔ اس ضمن میں حتمی جائزے کے لیے ملنے والی پیشکش وفاقی وزارت صحت کو بھجوا دی گئی ہے اور اسکی منظوری وفاقی وزارت صحت دے گی۔ واضح رہے کہ متوقع ویکسین کی ملک میں بروقت دستیابی کیلئے حکومت اقدامات کر رہی ہے۔ حکومت پاکستان کی کوشش ہے کہ کورونا ویکسین مؤثر اور کم قیمت ہو تاکہ جلد ازجلد اس کا حصول ممکن بنایا جا سکے۔
دوسری جانب پاکستان بھر میں کورونا کے وار جاری ہیں۔ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا وائرس سے 58 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 10 ہزار 105 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 4 لاکھ 79 ہزار 715 ہوگئی۔

admin

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے