عمران عباس بھی ٹک ٹاک کے میدان میں اترنے کے خواہشمند
دکراچی: اداکار عمران عباس نے بھی مختصر ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک جوائن کرنے کی خواہش ظاہر کردی۔
حال ہی میں انسٹاگرام پرایک اسٹوری کے ذریعے عمران عباس نے بتایا کہ انہوں نے کبھی یہ نہیں کہا کہ وہ ٹک ٹاک کو ناپسند کرتے ہیں بلکہ ٹک ٹاک حیرت انگیز ایپ ہے جہاں لوگ بہت ہی مزاحیہ انداز میں اور تخلیقی طور پر لوگوں کو تفریح فراہم کرتے ہیں۔میں ٹک ٹاکرز کی بہت عزت کرتا ہوں۔ عمران عباس نے مزید کہا کہ میں صرف اس بات کو پسند نہیں کرتا ہوں جب لوگ اپنے فالوورزبڑھانے کے لیے ناگوار حرکتیں کرتے ہیں یا پھر اپنی جان کا خطرہ مول لیتے ہیں۔
عمران عباس نے مزید کہا انہیں ان کے مداحوں کی جانب سے ہزاروں پیغامات موصول ہوتے ہیں لہذا وہ اپنے مداحوں کے لیے جلد ہی ٹک ٹاک پر اکاؤنٹ بناسکتے ہیں۔ لیکن میں ایک بار پھر کہنا چاہوں گا کہ ٹک ٹاک کو مثبت ، تخلیقی اور نتیجہ خیز انداز میں استعمال کریں۔
واضح رہے کہ چند روز قبل عمران عباس نے انسٹاگرام پر سوال جواب سیشن کے دوران ایک مداح کی جانب سے ٹک ٹاک کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ میں ٹک ٹاک استعمال نہیں کرتا اور مہربانی کرکے اس ایپ کے بارے میں میری رائے نہ پوچھیں۔
اس کے علاوہ جب پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی نے ٹک ٹاک پر پاکستان میں پابندی لگائی تھی تو عمران عباس نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا ’’2020 اتنا بھی برا نہیں ہے‘‘۔