عمران خان کو کن بھارتی اور اسرائیلی شخصیات نے پیسے دیے؟ مریم نواز نے نام بتادیے

اسلام آباد : مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ فارن فنڈنگ کیس پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا فراڈ ہے، عمران خان نے مقدمہ 30 بار رکوانے کی کوشش کی، اگر چوری نہیں کی تو تلاشی کیوں نہیں دیتے، چور چور کی گردان کرنے والا خود سب سے بڑا چور نکلا، سٹیٹ بینک نے اس کے 23 خفیہ اکاؤنٹس پکڑے، بھارت اور اسرائیل سے بڑے بڑے فنڈ عمران خان کے ذاتی ملازم کے اکاؤنٹ میں آئے۔ عمران خان کو ثاقب نثار سے ’ثاقب اور امین‘ کا سرٹیفکیٹ دلوانے والے کون تھے؟

الیکشن کمیشن کے باہر پی ڈی ایم کے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ہم آج ایک ایسی سڑک پر موجود ہیں جسے شاہراہ دستور کہتے ہیں ، جس کی دونوں اطراف میں انصاف دینے والے ادارے ہیں لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ ہم جس ملک میں رہ رہے ہیں وہاں نہ آئین ہے اور نہ انصاف ہے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کو اس کی آئینی ذمہ داریاں یاد دلانے کیلئے جمع ہوئے ہیں تاکہ چیف الیکشن کمشنر کو یہ بتائیں کہ یہ وہ ادارہ ہے جس نے ووٹ کو عزت دلوانی تھی۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کا فارن فنڈنگ کیس پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا فراڈ ہے، نومبر 2014 میں یہ کیس دائر ہوا تھا، نواز شریف کا کیس دنوں میں ختم ہوتا ہے لیکن الیکشن کمیشن نے اس کیس کی صرف 70 سماعتیں کی ہیں۔ جعلی خان کی شکل میں جو عذاب مسلط ہے اس نے مقدمے کو ملتوی کرانے کی 30 بار کوششیں کیں۔ یہ کہتا تھا کہ چوری نہیں کی تو تلاشی دو، آج پی ڈی ایم پوچھتی ہے کہ چوری نہیں کی تو مقدمے کو رکوانے کی کوشش کیوں کی، تابعدار خان نے چھ مرتبہ ہائیکورٹ میں درخواستیں دیں کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان اس مقدمے کی سماعت نہیں کرسکتا۔

مریم نواز کے مطابق فارن فنڈز کی تحقیقات کیلئے سکروٹنی کمیٹی قائم کی گئی، اوپر سے حکم تھا تو سکروٹنی کمیٹی عمران خان کی تابعدار بن گئی، تین سال ہوگئے سکروٹنی کمیٹی اس کی تحقیقات کرتی ہی چلی جارہی ہے، یہ سانپ بن کر تحقیقات کے اوپر بیٹھے ہوئے ہیں، عمران خان نے سکروٹنی کمیٹی کی 24 مرتبہ کارروائی رکوانے کی کوشش کی، چار درخواستیں کارروائی کو خفیہ رکھنے کیلئے دیں، اگر دامن صاف تھا تو کارروائی رکوانے کی درخواستیں کیوں دیں؟ اس کا مطلب ہے کہ بہت بڑی چوری ہوئی ہے، بیان بدلنا ان کا روز کا کام ہے اسی لیے انہیں یوٹرن خان کہتے ہیں ، انہوں نے آٹھ وکیل بدلے لیکن ان کی چوری نہیں چھپی، سٹیٹ بینک آف پاکستان نے عمران خان کے 23 خفیہ بینک اکاؤنٹس پکڑے۔

لیگی رہنما نے کہا کہ چور چور کی گردان کرنے والا خود سب سے بڑا چور نکلا، اس نے ہنڈی کے ذریعے پیسے منگوائے، اسے بھارت اور اسرائیل سے بڑے بڑے فنڈ آئے، بھارت سے اسے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی ) کے رہنما اندرجیت دوسانج نے پیسے دیے، اسرائیل سے اسے بیری زیشپ نے پیسے دیے، یہ پیسے عمران خان کے ذاتی ملازم کے اکاؤنٹ میں آئے۔ جب بی جے پی سے پیسے لیں گے تو مودی کے جیتنے کی دعائیں ہی کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کہتا ہے کہ اس کی حکومت میں آنے کی تیاری نہیں تھی ، تو پھر ان کی عوام کی جیبوں پر ڈاکہ مارنے کی ان کی پوری تیاری تھی۔ تمہارے لیے 2018 کے الیکشن میں ووٹ ڈلوانے والے کون تھے، ثاقب نثار سے تمہیں جعلی ’ثاقب اور امین‘ کا سرٹیفکیٹ دلوانے والے کون تھے۔

مریم نواز نے کہا کہ الیکشن کمیشن سے پوچھنا چاہتی ہوں کہ 2018 کے الیکشن میں جب آپ کے ہاتھ پاؤں باندھ کر آر ٹی ایس بند کیا گیا تو آپ کیوں خاموش رہے؟ تم نے براڈ شیٹ کیس میں جعلی فرم کو پیسے بھجوائے، یہ ایسے لوگ ہیں جو اس میں سے بھی کمیشن مانگ رہے ہیں، براڈ شیٹ سکینڈل سامنے آتا ہے تو لوگ الیکشن کمیشن کو بھی شریک جرم ٹھہراتے ہیں، چونکہ عمران خان نے اپنے جرم کا اعتراف کرلیا ہے تو اس کے بعد فیصلہ نہیں بلکہ سزا ہونی چاہیے۔

admin

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے