یونی لیور اور ٹیلی نارپاکستان کے مابین شراکت داری
یونی لیور نے ٹیلی نارکے ساتھ ملک بھر میں ڈیجیٹل ریٹیل خدمات، ڈیجیٹل فنانشل سلوشنز، ڈیجیٹل مصنوعات اور مہارت میں اضافہ کیلئے شراکت داری کی ہے جس کا مقصد مرکزی دھارے تک رسائی کے ذریعے پاکستان میں ڈیجیٹل اور مالی شمولیت کو فعال بنانا ہے ۔ دونوں کمپنیاں ڈیجیٹل ایکو سسٹم کے قیام کیلئے ٹیلی کام اور صارفین کی اشیا کے شعبہ میں اپنی کارکردگی کو مربوط بنائیں گی۔ اس شراکت داری کا مقصد اس تصور کو اجاگر کرنا ہے کہ کس طرح ٹیکنالوجی اور بگ ڈیٹا سے استفادہ کرتے ہوئے کاروبار کو بہتر انداز میں فروغ دیا جا سکتا ہے جس سے ریٹیلرز کیلئے سیکیورٹی اور سہولت میں آسانی میسر آ سکے اور صارفین کیلئے خریداری کے تجربہ کو مربوط بنایا جا سکے ۔ دونوں کمپنیاں کیش لیس پے منٹ ماڈلز، چھوٹے اور درمیانے درجے کے ریٹیلرز کی مالی سرمایہ تک رسائی، روزگار کے فروغ اور کم ترقی یافتہ اور پسماندہ علاقوں میں معیار زندگی کو بہتر بنانے کا عزم رکھتی ہیں۔ یونی لیور پاکستان کی چیئر پرسن شازیہ سید نے کہا کہ شراکت داری کا مقصد پاکستان میں تیز تر ڈیجیٹلائزیشن کو فروغ دینے کیلئے بہتر لائحہ عمل تیار کرنا ہے ۔ ٹیلی نار پاکستان کے سی ای او عرفان وہاب نے کہا کہ ادارے نے معیشت کے مختلف شعبوں کو ترقی دینے اور عوام کو بااختیار بنانے کا مکمل تہیہ کر رکھا ہے ۔